الیکشن کمیشن کا مقامی کمپنی سے خریدی گئی ای وی ایم مشینیں قبول کرنے سے انکار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 20 جنوری 2022
بیرون ملک سے بھی مشینیں خریدنی ہوں تو الیکشن کمیشن ٹینڈرنگ کرے گا (فائل فوٹو)

بیرون ملک سے بھی مشینیں خریدنی ہوں تو الیکشن کمیشن ٹینڈرنگ کرے گا (فائل فوٹو)

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے مقامی کمپنی سے خریدی گئی ای وی ایم مشینوں کو قبول کرنے سے صاف انکار کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے خریدی گئی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے حوالے سے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کو خط ارسال کیا۔

الیکشن کمیشن نے اپنے خط میں لکھا کہ نجی مارکیٹ اور نجی فرم سے خریدی گئی مشینیں کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہوں گی کیونکہ آئین کے تحت اوپن مارکیٹ سے مشینوں کی خریداری وزارت سائنس کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے جبکہ بیرون ملک سے مشینوں کی خریداری پر پیپرا رولز کے تحت ای سی پی ٹینڈرنگ کرے گا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت سائنس ای وی ایم کی فراہمی کیلئے ایک کمپنی سے معاہدہ کرے گی، جس کے بعد الیکشن کمیشن کے حکام کمپنی اور مشینوں کی تصدیق کے بعد اس کو خریدیں گے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 15 اپریل کو ای وی ایم کے ذریعے کرانے کا فیصلہ

ای سی پی نے نے وزارتِ سائنس سے مشینوں کی ٹیسٹنگ کرنے والے ماہرین کے نام اور رائے بھی مانگی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی سے میئر اسلام آباد اور بلدیاتی انتخاب کیلئے 3900 مشینیں طلب کی ہیں تاکہ انہیں الیکشن میں استعمال کیا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔