بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ رئیسانی کا جے یو آئی میں شمولیت کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 20 جنوری 2022
جے یو آئی بلوچستان کی بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئے گی، رئیسانی (فائل فوٹو)

جے یو آئی بلوچستان کی بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئے گی، رئیسانی (فائل فوٹو)

 لاہور: بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی نے جمعیت علما اسلام میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا، جس کا اعلان وہ جے یو آئی کے جلسے میں کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان بلوچستان میں آئندہ حکومت سازی کیلئے متحرک ہوگئے، اس سلسلے میں اُن کی آج سابق وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں مولانا عبدالغفورحیدری، مولانا عبدالواسع، آغا محمود شاہ، کامران مرتضی، خیبرپختونخوا کے اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی اور رکن قومی اسمبلی مولانا کمال الدین شریک ہوئے۔

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سابق وزیراعلی نواب اسلم رئیسانی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی، جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

ترجمان کے مطابق نواب اسلم رئیسانی آئندہ چند روز میں بلوچستان میں بڑا جلسہ کرکے جےیوآئی میں شامل ہوں گے۔

نواب اسلم رئیسانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں آئندہ جےیوآئی حکومت بنائے گی اور بلوچستان کی بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ لوگ نا اہل حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں، نواب صاحب کی شمولیت سے جے یو آئی بلوچستان میں مزید مضبوط ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔