4 سالہ لاپتہ بچے کی لاش ندی سے مل گئی، پوسٹ مارٹم میں کئی گھنٹے کی تاخیر

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 21 جنوری 2022
پولیس اہلکاروں نے مداخلت کرتے ہوئے سامان خود لاکردیا جس کے باعث کئی گھنٹے کی تاخیرسے پوسٹ مارٹم شروع ہوا
۔ فوٹو : فائل

پولیس اہلکاروں نے مداخلت کرتے ہوئے سامان خود لاکردیا جس کے باعث کئی گھنٹے کی تاخیرسے پوسٹ مارٹم شروع ہوا ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: سرجانی ٹاؤن سے لاپتہ ہونے والے 4 سالہ بچے کی لاش ندی سے مل گئی۔

ندی سے ملنے والی لاش کے پوسٹ مارٹم میں کئی گھنٹے کی تاخیرہوگئی،اسپتال انتظامیہ نے ورثا سے ہی پوسٹ مارٹم میں استعمال کیے جانے والے سامان کا تقاضہ کرڈالا۔ بعدازاں پولیس اہلکاروں کے سامان لانے پر پوسٹ مارٹم مکمل کیاگیا، شبہ ہے کہ بچے کی موت ڈوبنے سے ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیف المری گوٹھ میں ندی سے چند روز قبل لاپتہ ہونے والے 4سالہ حسبان کی لاش ملی،ورثا نے اس کو تلاش کرنے کیلیے سوشل میڈیا پر بھی اس کی تصویر اور رابطہ نمبر جاری کیا تھا۔

ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن انسپکٹر حاجی ثنا اللہ نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ 51/22 بجرم دفعہ 364 اے کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تحقیقات اے وی سی سی منتقل کردی تھی ، جمعرات کی صبح پولیس کی ہیلپ لائن پر لاش کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔

عباسی شہید اسپتال انتظامیہ نے پوسٹ مارٹم میں استعمال کیے جانے والے سامان کی لسٹ ورثا کو تھمادی اور سامان لانے کوکہا جس پر ورثا جو پہلے ہی غم سے نڈھال تھے مزید غصے میں آگئے۔

بعدازاں پولیس اہلکاروں نے مداخلت کرتے ہوئے سامان خود لا کر دیا جس کے باعث کئی گھنٹے کی تاخیر سے پوسٹ مارٹم شروع اور مکمل ہوا، ایس ایچ او حاجی ثنا اللہ نے مزید بتایاکہ حسبان نے گمشدگی کے وقت3شرٹیں اور ایک ٹراؤزر پہنا ہوا تھا جولاش ملنے کے وقت بھی زیب تن تھا۔

فوری طور پر وجہ موت کا علم نہیں ہوسکا لیکن ڈاکٹر نے لاش کے معائنے کے بعد شبہ ظاہر کیا ہے کہ ڈوبنے کے باعث ہلاکت ہوئی ہے تاہم حتمی طور پر پوسٹ مارٹم کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آسکیں گے، حسبان دو بھائیوں میں بڑا تھا جبکہ اس کے والد کی علاقے میں پرچون کی دکان ہے ، انکاآبائی تعلق اندرون سندھ کے علاقے کنڈیارو سے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔