سندھ چند سال میں گیس برآمد سے گیس درآمد کرنے والا صوبہ بن جائے گا حماد اظہر

انڈسٹری کی طرف سے لیے گئے حکم امتناع کی وجہ سے بھی کراچی میں گیس کی قلت ہے، حماد اظہر


ویب ڈیسک January 21, 2022
گیس بندش پر ایم کیو ایم اراکین کے توجہ دلاؤ نوٹس پر حماد اظہر کی قومی اسمبلی میں وضاحت (فائل فوٹو)

وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ سندھ چند سال میں گیس برآمد سے گیس درآمد کرنے والا صوبہ بن جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین نے کراچی میں گیس کی قلت پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔

نوٹس پر گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ مقامی گیس کے ذخائر تیزی سے ختم ہورہے ہیں، سب سے زیادہ تیزی سے سندھ میں گیس کم ہورہی ہے، سندھ چند سال میں گیس برآمد سے گیس درآمد والا صوبہ ہوگا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کی طرف سے گیس کاٹنے پر حکم امتناع لے لیا گیا ہے جس کے بعد تاریخ بڑھا کر دی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا درآمدی گیس مقامی سسٹم میں شامل کرکے قیمت بڑھانے کا فیصلہ

حماد اظہر نے کہا کہ ایک سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس انڈسٹری سے کراچی کو سرما میں دی جاتی تھی، 100 ایم ایم سی ایف ڈی گھریلو صارفین کے بجائے انڈسٹریز کو اسٹے کے باعث دی جارہی ہے، ہم اس ساری صورت حال اسٹے کا معاملہ حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر حکم امتناع ختم ہوجائے تو کراچی میں گیس سپلائی بہتر ہوجائے گی،سندھ ہائیکورٹ سے درخواست ہے تاریخ پر تاریخ نہ دے بلکہ اسٹے ختم کرے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں گیس کے صرف 10 سالہ ذخائر باقی ہیں، حماد اظہر

حماد اظہر نے کراچی میں قلت کی وجہ کچی بستیوں میں دیے جانے والے گیس کنکنشز کو بھی قرار دیا اور کہا کہ ماضی میں کچی بستیوں میں سیاسی بنیادوں پر گیس دی گئی جہاں سے بلنگ بھی نہیں ہورہی ہے، جب ایسے کنکشنز ختم کرنے کے لیے سندھ حکومت سے تعاون مانگا تو ہمارے ساتھ صوبائی حکومت نے کوئی تعاون نہیں کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں