ٹک ٹاک پی ایس ایل 7 اور 8  کا آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بن گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 21 جنوری 2022
مداح ٹک ٹاک کے ذریعے ایسا مواد تیار کرسکیں گے جسے دنیا بھر میں دیکھا جاسکے گا - فوٹو:پی ایس ایل

مداح ٹک ٹاک کے ذریعے ایسا مواد تیار کرسکیں گے جسے دنیا بھر میں دیکھا جاسکے گا - فوٹو:پی ایس ایل

 کراچی: مختصر دورانیے کی ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے والے عالمی پلیٹ فارم ٹک ٹاک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں اور آٹھویں ایڈیشن کا آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بن گیا۔ اس شراکت داری کے تحت آئندہ دو ایڈیشنز تک پی ایس ایل کے مداح ٹک ٹاک کے ذریعے ایسا کنٹنٹ تیار کرسکیں گے جسے دنیا بھر میں دیکھا جاسکے گا۔

27 جنوری سے شروع ہونے والی پی ایس ایل 7 کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا مرحلہ 10 سے 27 فروری تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

دو سالہ شراکت داری کے اس معاہدے کے تحت پی ایس ایل ٹک ٹاک کے ساتھ مل کر کنٹنٹ تیار کرے گا اور کرکٹ فینز ہیش ٹیگ #KhelegaPakistan کا استعمال کرتے ہوئے پلیٹ فارم پر ٹورنامنٹ کے ناقابل فراموش لمحات کو ایک ساتھ منا سکیں گے، جسے دنیا بھر میں موجود ایک ارب سے زائد صارفین دیکھ سکیں گے۔

اس پلیٹ فارم کے ذریعے پی سی بی کا پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں سے تعلق مزید مضبوط ہوگا۔ کرکٹ فینز اس ایپ پر پری اور پوسٹ میچ کنٹنٹ کے علاوہ میچ کی جھلکیاں بھی ملاحظہ فرماسکیں گے۔

اس سے قبل ٹک ٹاک نے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ شراکت داری کا کامیاب معاہدہ کیا تھا جسے ڈیڑھ ارب مرتبہ دیکھا گیا۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا کہنا ہے کہ انہیں ٹک ٹاک کے پی ایس ایل 7 اور 8  کے آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بننے پر خوشی ہے، ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارم نے سوشل میڈیا کنٹنٹ کی تخلیق میں انقلاب برپا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل شائقینِ کرکٹ کو معیاری کرکٹ کے ساتھ ساتھ بھرپور تفریح بھی فراہم کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے میڈیا، اسپانسرشپ اور براڈ کاسٹ رائٹس کی فروخت میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

پاکستان، مشرقِ وسطیٰ، ترکی اور افریقہ میں ٹک ٹاک کے ہیڈ آف برانڈ مارکیٹنگ پاؤل کاترب کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان میں کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ پی ایس ایل کے آئندہ دو ایڈیشنز کے لیے آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بننے پر خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک آن لائن انڈسٹری کا آج ایک بڑا میدان بن چکا ہے جہاں صارفین اپنا ویڈیو کنٹنٹ تیار کرکے کھیلتے ہیں، ٹک ٹاک اب اپنے صارفین کے لیے خصوصی طور پر اس ایونٹ سے متعلق مختلف ویڈیوز نشر کرے گا، وہ یہ ایپ استعمال کرنے والی پاکستانی کمیونٹی کے لیے خصوصی فیچرز اور فلٹرز بھی متعارف کروائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔