اپنے اتحاد سے ہی بڑی طاقتوں کو شکست دی، طالبان کا امریکی صدر کو جواب

ویب ڈیسک  جمعـء 21 جنوری 2022
امریکی صدر نے افغانستان میں غیر یقینی صورت حال کی وجہ نااتفاقی کو قرار دیا تھا، فوٹو: فائل

امریکی صدر نے افغانستان میں غیر یقینی صورت حال کی وجہ نااتفاقی کو قرار دیا تھا، فوٹو: فائل

کابل: امارت اسلامیہ افغانستان نے امریکی صدر جوبائیڈن کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اپنے اتحاد سے ہی بیرونی حملہ آوروں اور طاقتور ممالک کو شکست دی۔

افغانستان میں طالبان حکومت کے وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے اپنی ٹوئٹ میں افغانوں کے درمیان تقسیم اور اتحاد نہ ہونے کے امریکی صدر جو بائیڈن کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

یہ خبر پڑھیں :  امریکی صدر افغانستان میں اپنی ناکامی اور نااہلی کے سوال پر بھڑک اُٹھے 

ترجمان وزارت خارجہ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ افغانوں کے درمیان معمولی اختلافات بھی بیرونی حملہ آوروں کی جانب سے اپنی بقا کے لیے اکسانے کے باعث ہوا تھا اور ایسا تب ہی ہوا ہے جب افغانستان پر بیرونی حملہ آور حکومت کر رہے ہو۔

ترجمان عبدالقہار بلخی نے مزید کہا کہ افغانوں نے اپنے مشترکہ اسلامی عقائد، وطن اور معروف تاریخ کے ذریعے بڑی بڑی طاقتوں کو شکست دی اور اب ایک برابری کی قوم بننے کی جانب گامزن ہیں۔

طالبان کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید لکھا کہ ہم نے اتحاد کے ذریعے ہی خود سے بڑی قوتوں کو شکست دی۔ محدود وسائل کے باوجود مختصر مدت میں امن قائم کیا اور ملک میں مرکزی حکومت قائم کرکے افغان قوم کو متحد کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔