صوبے میں معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

اے پی پی  جمعـء 21 جنوری 2022
اساتذہ كی اپ گریڈیشن كے لیے اقدامات كیے جا رہے ہیں، میر عبدالقدوس - فوٹو:فائل

اساتذہ كی اپ گریڈیشن كے لیے اقدامات كیے جا رہے ہیں، میر عبدالقدوس - فوٹو:فائل

 کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ صوبے میں كوالٹی ایجوكیشن كی فراہمی اور اساتذہ كو سہولیات فراہم كرنا موجودہ حكومت كی ترجیحات میں  شامل ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے گوادر میں ایس ایس ٹی فورم گوادر كے ڈسٹركٹ كنوینر علی محمد، دلمراد ساجد اور طارق محمود نے ملاقات كی۔ ركن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی اور ركن صوبائی اسمبلی میر حمل كلمتی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان كو ایس ایس ٹی فورم كی ڈیمانڈ فار ایس ایس ٹی، ہیڈ ماسٹر، ہیڈ مسٹریس اور ایس ایس ٹی كی گریڈ 18 كی اپ گریڈیشن پیش كی اور كہا كہ سیكنڈری اسكول ٹیچرز 30/ 35 سال ملازمت كرنے كے باوجود ترقی سے محروم ہیں، ایس ایس ٹی 17 گریڈ سے پھر 17 گریڈ میں ترقی پاتا ہے ان رولز میں  ترمیم كی ضرورت ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وفد كو ہر ممكن تعاون كا یقین دلایا اور كہا كہ بلوچستان میں  كوالٹی ایجوكیشن كی فراہمی اور اساتذہ كو سہولیات فراہم كرنا، ان كے مسائل كو حل كرنا موجودہ حكومت كی ترجیحات میں  شامل ہے۔

میر عبدالقدس بزنجو نے كہا كہ تعلیم سے قومیں بنتی ہیں  اس لیے ہم نے اس شعبے كو ابتدائی دنوں سے ترجیح دی ہے، ہم نے نہ صرف نئے اسكول بنائے ہیں  بلكہ اسكولوں كو اپ گریڈ بھی كیا ہے، ان میں  بنیادی سہولیات كی فراہمی پر بھی خطیر رقم خرچ كررہے ہیں۔

انہوں نے كہا كہ ہم نے تعلیم كے میدان میں وہ اصلاحات متعارف كرائی ہیں جس كے ثمرات آنے والے وقتوں میں لوگوں كو ملیں  گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایس ایس ٹی ٹیچرز فورم كی كاركردگی كی تعریف كی اور كہا كہ ہم سب كی یہی كوشش ہے كہ ہم اپنے آنے والے وقت اپنے مستقبل كی خاطر محكمہ تعلیم كو توجہ دیں، اس ضمن میں اساتذہ كرام كی بھی ذمہ داری بنتی ہے كہ وہ پوری لگن اور جذبہ حب الوطنی كیساتھ ہمارے شانہ بشانہ كام كریں۔

انہوں  نے كہا كہ ہم اساتذہ كرام كو سپورٹ كرتے ہیں، ہم نے ان كے تمام مطالبات پورے كیے ہیں، ان كی اپ گریڈیشن كے لیے اقدامات كیے جارہے ہیں، ہماری كوشش ہے كہ ہم جلد از جلد اساتذہ كی اپ گریڈیشن پالیسی بنائیں اس پر محكمہ تعلیم نے كام شروع كرركھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔