محکمہ جنگلات سندھ نے بنڈل اور بڈو جزیروں کو صوبے کی ملکیت قرار دے دیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 جنوری 2022
سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد سندھ حکومت اپنی ملکیت کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کرے گی - فوٹو:فائل

سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد سندھ حکومت اپنی ملکیت کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کرے گی - فوٹو:فائل

 کراچی: سندھ کے محکمہ جنگلات نے بنڈل اور بڈو جزیروں کو صوبہ سندھ کی ملکیت قرار دے دیا ہے۔ سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد سندھ حکومت اپنی ملکیت کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کرے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دونوں جزیروں کے حوالے سے محکمہ جنگلات سندھ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو سمری ارسال کردی جس میں کہا گیا ہے کہ جزیروں کے علاقے 1958ء ایکٹ کہ تحت پروٹیکٹو فاریسٹ قرار دیے گئے تھے، دونوں جزائر محکمہ جنگلات سندھ کی ملکیت اور انڈس ڈیلٹا کا حصہ ہیں جن پر پورٹ اینڈ شپنگ یا وفاق کا کوئی حق نہیں۔

سمری میں کہا گیا ہے کہ 1958ء کے حفاظتی جنگلات ایکٹ کو ری نوٹی فائی کیا جائے، 1958ء میں جاری کیے گئے حفاظتی فاریسٹ ایکٹ میں پوری ساحلی بیلٹ کا ذکر ہے، ری نوٹی فکیشن میں دونوں جزائر کے نام شامل کرکے نیا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے۔

واضح رہے کہ جزائر پر وفاق نے نئے شہر قائم کرنے کے لیے پاکستان آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈی ننس (صدارتی آرڈی ننس) 2020ء جاری کیا تھا۔ اس اعلان پر ماحولیاتی برادری نے احتجاج کیا تھا۔ آرڈی ننس کے ذریعے وفاق نے بڈو اور بنڈل جزیروں کو تجارتی اور رہائشی مقاصد کے لیے تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔