یمن میں سعودی اتحادی افواج کی فضائی بمباری میں 70 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 جنوری 2022
سعودی اتحادی افواج کا یمنی جیل پر حملہ

سعودی اتحادی افواج کا یمنی جیل پر حملہ

صنعا: سعودی اتحادی افواج کی جانب سے پناہ گزین کے حراستی مرکز پر فضائی کارروائی کی گئی جس کے  نتیجے میں 70 افراد جاں بحق جبکہ 138 شہری زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اتحادی افواج نے یمنی شہر صعدہ میں قائم حراستی مرکز پر حملہ کیا جس کے باعث ستر افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوئے۔ سعودی فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ ہم نے یمن کے حوثی باغیوں اور ان کی نقل وحرکت کو نشانہ بنایا۔

صعدہ میں یہ فضائی کارروائی حوثی باغیوں کی جانب سے اماراتی اور سعودی شہروں پر ڈرون حملوں کے بعد سامنے آئی۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ حملے کے بعد حوثی باغیوں نے متاثرہ جیل کی تصویر شایع کیں جن میں ریسکیو عملے کے اہلکار ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالتے ہوئے دیکھے گئے۔

وزیر صحت نے تصدیق کی کہ اتحادی افواج کی فضائی حملے میں 70 افراد ہلاک ہوئے جبکہ کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث خدشہ ہے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے حملے میں زخمیوں کی تعداد 138 کے قریب بتائی۔

دوسری جانب اقوام متحدہ(یو این) کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اتحادی افواج کی فضائی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کے ولی عہد سے ٹیلی فونک رابطہ، حوثی حملے کی شدید مذمت

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حوثی باغیوں نے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں پٹرولیم ٹینکرز پر ڈرون راکٹ داغا تھا جس میں پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق اور چھے زخمی ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔