بدانتظامی اورکرپشن تحریک انصاف کی پہچان بن چکی ہے، شہبازشریف

ویب ڈیسک  اتوار 23 جنوری 2022
حکومت کے اعداد و شمار اور غلط بیانی کے سوا کچھ نہیں، اپوزیشن لیڈر  (فائل فوٹو)

حکومت کے اعداد و شمار اور غلط بیانی کے سوا کچھ نہیں، اپوزیشن لیڈر (فائل فوٹو)

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ یوریا کی قلت تحریک انصاف کی بدانتظامی اور کرپشن کا شاخسانہ ہے جو اس کی پہچان بن چکی ہے۔ 

یوریا کی قلت اور کسانوں کو درپیش صورتحال پر  بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف  کا کہنا تھا کہ ہر معاملے میں حکومتی نااہلی، نالائقی اور چور بازاری کی سزا عوام اور کسانوں کو مل رہی ہے، کسان دربدر ہیں اور چیخ رہے ہیں کہ کھاد کی اسمگلنگ اور بلیک میں فروخت ہورہی ہے، اور  حکومت ہمیشہ کی طرح غائب ہے پتہ نہیں کہاں سوئی ہوئی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں یوریا کی قیمت زیادہ ہے تو اس پاکستان میں اس کی اسمگلنگ کی روک تھام کیوں نہ کی گئی، پیشگی انتظامات کیوں نہ ہوئے، کھاد کی قلت پی ٹی آئی کی بدانتظامی اور کرپشن کا شاخسانہ ہے جو اس کی پہچان بن چکی ہے، یوریا نہ ہونے کا مطلب زرعی پیداوار میں کمی ہے جس کے نتیجے میں نئے مسائل پیدا ہوں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ ایک زرعی ملک جو گندم اور چینی برآمد کرتا تھا، آج گندم اور چینی باہر سے منگوارہا ہے، ہمارے دور میں ڈیپ 2400 کی بوری تھی، آج کسانوں کو 10 ہزارمیں بھی نہیں مل رہی ہے، 2015-16 میں کپاس کی ریکارڈ پیداوار ایک کروڑ 46 لاکھ بیل ہوئی تھی، موجودہ حکومت کے کپاس کی پیداوار کے بارے میں اعدادوشمار غلط بیانی کے سوا کچھ نہیں، حکومت کا قیمتوں پر کنٹرول نہ ہونا ناکامی، نااہلی اور بدانتظامی کی انتہاء ہے، کسانوں سمیت عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، ڈی اے پی اور یوریا کی اسمگلنگ روکی جائے اور  کسانوں کا استحصال بند کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔