سرفراز بھائی سے جو کچھ سیکھا ان ہی کے خلاف استعمال کروں گا، شاداب

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 23 جنوری 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 کراچی: اسلام آباد يونائيٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ سرفراز احمد سے کافی سيکھا ہے اور سيکھ رہا ہوں، جو کچھ سيکھا ہے وہ ان کے خلاف استعمال کروں گا۔

ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے کافی چيلنجز آرہے ہيں، بائیو سیکیور ببل ميں بھی ايسی ہی صورتحال تھی، پی سی بی نے اچھے انتظام کيے ہیں، اميد ہے سب اچھا ہوگا۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ پی ايس ايل انٹرٹينمنٹ کے ليے ہوتا ہے، ہم فينز کو خوش کريں گے، کوشش تھی کہ گزشتہ سيزن کی طرح کا کامبی نيشن بنائیں، ٹيم اميدوں کے مطابق بنی ہے، اس سال چيمپئن بننے کی کوشش کريں گے، ہم محنت پوری کريں گے تاہم نتائج اللہ کے ہاتھ ميں ہيں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹيم ميں ساتھ کھيلتے ہيں لیکن فرنچائز ميں حريف بننے ميں مزہ آتا ہے، بی پی ايل کافی مختلف ہے، وہاں لاک ڈاؤن نہيں تھا، کورونا بڑھنے پر بھی لیگ جاری رہے گی لوگوں کا کام ہے، اعتراض کرنا۔

شاداب خان نے کہا کہ ہم ٹيم کے حالات کے مطابق بيٹنگ کرتے ہيں، اس سال بھي ٹاپ آرڈر میں جاکر بيٹنگ کروں گا، سرفراز احمد سے کافی سيکھا ہے اور سيکھ رہا ہوں، جو سيفی بھائی سے سيکھا ہے وہ ان کے خلاف استعمال کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پروٹوکولز پر عمل کر رہے ہيں، ہمارا بولنگ کا معيار سب سے اچھا ہے، بگ بيش ميں ہمارے بولرز نے نام کمايا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔