بھارتی کسان نے اپنے شادی کارڈ میں مودی سرکار سے حق کا مطالبہ کردیا

ویب ڈیسک  پير 24 جنوری 2022
بھارتی جوڑے کی شادی کا کارڈ

بھارتی جوڑے کی شادی کا کارڈ

ہریانہ: بھارت میں ایک کسان کا شادی کارڈ حکومت سے کیے گئے مطالبے کے سبب سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کسان فیملی سے تعلق رکھنے والے لڑکا لڑکی شادی کے بندھن میں بندھنے جارہے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے شادی کارڈ بھی چھپوایا تاہم یہ مختلف ہونے اور حکومت سے ایک مطالبے کے سبب سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

ہریانہ کے ضلع بھوانی سے تعلق رکھنے والے پردیپ کلیرا مانا نے اپنے شادی کے کارڈ پر جہاں عزیز و اقارب کے لیے دعوتی الفاظ چھپوائے وہیں حکومت سے فصل کے لیے کم سے کم سپورٹ پرائس کی گارنٹی دینے کا بھی مطالبہ کردیا اور اس مطالبے کے لیے جو تحریری نعرہ استعمال کیا گیا وہ کچھ یوں تھا، ’’جنگ ابھی جاری ہے، ایم ایس پی کی باری ہے‘‘۔

اس نعرے کی وجہ سے جوڑے کا شادی کارڈ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور کسان حمایتی تحریک کے حامیوں نے اس کارڈ کو جگہ جگہ شیئر کیا جس کے بعد شادی کارڈ لاکھوں افراد تک پہنچ گیا۔

جوڑے کا ماننا ہے کہ اگرچہ کسانوں کا بھارتی حکومت کے خلاف مظاہرہ ختم ہوچکا ہے اور اسے کسانوں کی فتح کے طور پر دیکھا جارہا ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ کسانوں کے خاندان سے تعلق رکھنے والے جوڑے نے بتایا کہ اب بھی ہمارے کئی مسائل حل طلب ہیں۔

تاہم پردیپ کا کہنا تھا کہ اُسے ہرگز اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ اُس کی شادی کا کارڈ سوشل میڈیا پر وائرل ہوجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔