ٹی ٹی پی کی بات سننے کو تیار ہیں مگر ملکی سالمیت سے ٹکرانے والوں سے ٹکرایا جائےگا، وزیرداخلہ

ویب ڈیسک  پير 24 جنوری 2022
ملک میں کسی قیمت دہشتگردی کی اجازت نہیں دیں گے، شیخ رشید۔ فوٹو:فائل

ملک میں کسی قیمت دہشتگردی کی اجازت نہیں دیں گے، شیخ رشید۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی کی بات ہم سننے کا تیار ہیں مگر پاکستان کی سالمیت سے ٹکرانے والوں سے ٹکرایا جائےگا۔ 

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 15 اگست سے لے کر اب تک دہشت گردی کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے،  بھارتی ایجنسی را دہشت گردی کے لیے پاکستانی کرمنلز کو استعمال کر رہی ہے، اب تک راولپنڈی اسلام آباد میں 10 پولیس والے ٹارگٹ ہوئے 2 دہشت گرد پکڑے گئے، داسو اور گوادر واقعات میں گرفتاریاں کی ہیں، فیصلے عدالتوں نے کرنے ہیں، ہمیں دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیہ بنانا چاہیے، خوشی ہے کہ اپوزیشن بنچز بھی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کے مقِابلے میں ہم اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ بھارت کبھی نہیں چاہتا کہ پاکستان اور طالبان کے بہتر تعلقات ہوں، اب دہشتگردوں سیکوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، ہم ٹی ٹی پی کی بات سننے کے لئے تیار ہیں لیکن پاکستان کی سالمیت سے ٹکرانے والوں سے ٹکرایا جائے گا، افواج پاکستان دہشتگردی سے نمٹ رہی ہے، جہاں کوئی سر اٹھاتا ہے وہاں ایکشن لیا جاتا ہے، پاکستان اپنی سالمیت پر حرف نہیں آنے دے گا، ملک میں کسی قیمت دہشتگردی کی اجازت نہیں دیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرے بارے میں اپوزیشن جو مرضی کہے، سیاست چلتی رہتی ہے، ہمارا کام ان کو سمجھانا ہے، دہشتگرد کسی کا نہیں ہوتا، بے نظیر کی منت سماجت کی کہ اسلام آباد میں جلسہ نہ کریں، فضل الرحمان اور مجھ پر بھی دہشت گردی کے حملے ہو چکے ہیں، میں کووڈ کے خطرے کا نہیں کہتا، بلکہ 23 مارچ کو او آئی سی کے لئے ساری دنیا سے 100 سے زائد ممالک کے سربراہ آرہے ہیں، اور راستے بند ہوں گے، اس دن فون بند ہوں گے سگنل بند ہوں گے اپوزیشن کا شام کو ٹی وی پر شو کیسے چلے گا، ان سے گزارش ہے کہ 23 کے بعد 27 مارچ کو آجائیں، میں ڈرا نہیں رہا شوق سے یہ آجائیں۔

 

 

 

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔