شہباز شریف کا مقدمہ براہ راست نشر ہونا چاہیے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  پير 24 جنوری 2022
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب بنے تو آتے ہی لوکل گورنمنٹ ختم کردی گئی—فائل فوٹو

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب بنے تو آتے ہی لوکل گورنمنٹ ختم کردی گئی—فائل فوٹو

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد شہباز شریف کے خلاف دائر مقدمات کی سماعت براہ راست نشر ہونی چاہیے تاکہ عوام سارے حقائق سے واقف ہوسکے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو بلاخوف و خطر ان مقدمات کے فیصلے کرنے چاہیں اورعدالتوں میں کیمرے لگائیں تاکہ لوگ دیکھیں شریف برادران پر مقدمات کی نوعیت کیا ہے۔

مزیدپڑھیں: احتجاج کرنے والے ملکی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، فواد چوہدری

انہوں نے زور دیا کہ شہبازشریف کا کیس روزانہ کی بنیادپرچلنا چاہیے جبکہ ان کے بھائی سابق وزیر اعظم نوازشریف نے عدالتوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ راناشمیم نے نوازشریف کے سامنے بیٹھ کر بیان حلفی لکھا، اومنی اسیکنڈل میں پانچ ہزار جعلی اکاؤنٹس بنائے گئے، شہباز شریف اینڈ کمپنی سارا پیسہ اپنے اکاؤنٹ میں جمع کررہی تھی، رمضان شوگر مل کے ملک مقصود چپراسی کے اکاؤنٹ میں 4 ارب   روپے نکل آئے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب بنے تو آتے ہی لوکل گورنمنٹ ختم کردی گئی، جو لوگ زندگی میں کبھی باہر نہیں گئے لیکن ان کے نام کی اربوں روپے کی ٹی ٹی لگی۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تین مرتبہ کا وزیراعظم کہتا ہے میرے بچوں پر پاکستانی قانون لاگو نہیں ہوتا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری اینڈ کمپنی نےجو پیسے لوٹے قوم اس کاحساب چاہتی ہے۔

مزیدپڑھیں: فواد چوہدری نے پاکستان پیپلزپارٹی سے رابطوں کی تردید کردی

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنے شہریوں کو صحت کارڈ جیسی سہولیات سے محروم رکھا ہوا ہےاور کراچی کو وسائل میں سے حصہ نہیں دے رہی جبکہ  18ویں ترمیم کے بعد اختیارات وفاق سے صوبائی سطح پر منتقل ہوئے ہیں۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں اختیارات صوبائی حکومت سے ضلعی سطح پر منتقل ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔