شہر کیلیے 240 میں سے 50 بسیں 31 جنوری کو کراچی پہنچ جائیں گی، مرتضیٰ وہاب

ویب ڈیسک  پير 24 جنوری 2022
ضلع وسطی اور غربی میں 22 نئی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی - فوٹو:فائل

ضلع وسطی اور غربی میں 22 نئی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی - فوٹو:فائل

 کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی کے لیے 240 میں سے 50 بسیں 31 جنوری کو پہنچ جائیں گی۔

یوسی۔19 نارتھ ناظم آباد میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ضلع وسطی اور غربی میں 22 نئی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، شاہراہ نور جہاں کی تعمیر کا آغاز کیا جا رہا ہے، جہانگیر پارک کی طرز پر گلبرگ میں اقبال پارک تعمیر کر رہے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی کے لیے 240 بسوں کی خریداری کے لیے ادائیگی کردی گئی ہے، 50 بسیں 31 جنوری کو کراچی پہنچ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ماضی میں خون کی ہولی کھیلی گئی، بوری بند لاشیں ملتی تھیں اب اس مسئلے کو حل کرلیا گیا ہے، پولیس افسران کو اپنے دفتر بلاؤں گا اور ہم مل کر اسٹریٹ کرائمز کے مسئلے کا حل بھی نکالیں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس شہر میں پانی کے سنگین مسائل ہیں جس کی بنیادی وجہ آبادی میں اضافہ ہے تاہم صوبائی حکومت کی کوششوں سے 130 ایم جی ڈی پانی کراچی کو جلد ملنا شروع ہوجائے گا، ضلع وسطی میں 100 پارکوں کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے جس سے علاقہ مکینوں کو بہتر تفریحی سہولیات میسر آئیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔