پاکستان میں کرپشن میں مزید اضافہ ہوگیا، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

ویب ڈیسک  منگل 25 جنوری 2022
پاکستان کرپشن انڈیکس میں 16 ممالک کو پھلانگ کر 140ویں  نمبر پر آگیا (فوٹو : فائل)

پاکستان کرپشن انڈیکس میں 16 ممالک کو پھلانگ کر 140ویں نمبر پر آگیا (فوٹو : فائل)

برلن: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن پر سال 2021ء کی رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا۔

کرپشن کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی صورتحال مزید خراب ہوگئی۔ پاکستان کرپشن کی عالمی درجہ بندی میں بہتری کی بجائے تنزلی کی جانب چلا گیا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کہا کہ حکومتی دعووں کے برعکس کرپشن کم ہونے کے بجائے بڑھی ہے۔

کرپشن کا عالمگیر جائزہ لینے والے ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن سے متعلق سی پی آئی انڈیکس رپورٹ 2021ء جاری کردی ہے، جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔

180 ممالک کی عالمی فہرست میں پاکستان کی تنزلی 16 درجے رپورٹ کی گئی ہے۔ پاکستان 28 پوائنٹس کے ساتھ کرپشن کے بارے میں عالمی رینکنگ میں 140 ویں نمبر پر آگیا۔ گزشتہ سال کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان کا نمبر 124 تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کرپشن رپورٹ 2020

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی دنیا بھر میں کرپشن کی عالمی درجہ بندی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرپشن نہ ہونے کے اسکور میں 3 پوائنٹس کی کمی ہوگئی۔ 2021ء میں پاکستان 100 میں سے صرف 28 پوائنٹس حاصل کرسکا، جبکہ گزشتہ سال یہ اسکور 31 تھا۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں کرپشن گزشتہ برس کے مقابلے میں بڑھی ہے۔ 2018 میں موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا اس وقت پاکستان کا کرپشن انڈیکس میں117واں نمبر تھا۔ 2019 میں پاکستان درجہ بندی میں 120ویں نمبر پر تھا۔ 2020 میں 124 ویں اور اب 2022 میں 140 ویں نمبر پر آنا اس بات کا اشارہ ہے کہ موجودہ دور حکومت میں پاکستان کی 23 درجے تنزلی ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق فن لینڈ، نیوزی لینڈ اور ڈنمارک کرپشن کے خلاف 88 اسکور کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے، جنوبی سوڈان نے فہرست میں آخری پوزیشن حاصل کی۔  امریکا 67 پوائنٹس کے ساتھ 27 ویں اور بھارت 40 پوائنٹس کے ساتھ 85  ویں نمبر پر رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔