ابھی تک کسی نے ’’شدھی‘‘ کیلیے رابطہ نہیں کیا، دیپکا پڈوکون

شوبز ڈیسک  اتوار 16 فروری 2014
رام لیلا کے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے دپیکا کو فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ میں اجے دیوگن کے ساتھ کاسٹ کرنے پر غور شروع کردیا۔  فوٹو: فائل

رام لیلا کے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے دپیکا کو فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ میں اجے دیوگن کے ساتھ کاسٹ کرنے پر غور شروع کردیا۔ فوٹو: فائل

ممبئی: اداکارہ دیپکا پڈوکون نے فلم شدھی میں کرینہ کپور کی جگہ کاسٹ ہونے کی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک کسی نے اس فلم میں کام کرنے کے لیے رابطہ نہیں کیا ہے۔

یہ بات اداکارہ نے 59 ویں آئیڈیا فلم فئیر ایوارڈ ایشو کی تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ دیپکا کا کہنا تھا کہ میں نہیں جانتی کہ اس فلم کے ساتھ کیا ہورہا اور اس کے متعلق صرف فلساز ہی جانتے ہیں لیکن ابھی تک کسی نے بھی اس فلم کے سلسلہ میں مجھ سے رابطہ نہیں کیا ۔ واضح رہے کہ اس فلم میں کرینہ کپور خان اور ہرتیک روشن مرکزی کردار اداکررہے تھے مگر یہ متعدد وجوہ کی بنا پر ابھی تک التوا کا شکار ہے ۔ ابتدا میں فلم کی شوٹنگ ہرتیک کی بیماری کے باعث رکی رہی اب انھوں نے باقاعدہ طور پر اس فلم سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے دوسری طرف اطلاعات ہیں کہ کرینہ کپور خان کی جگہ میں فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے کسی دوسری اداکارہ سے رابطہ کیاجارہا ہے۔ دیپکا کا کہنا ہے اگر فلمساز نے مجھ سے اس سلسلہ میں رابطہ کیا تو میں فلم میں کام کرنا پسند کروں گی۔

فلم ’’رام لیلا‘‘ کی اداکارہ نے کہا کہ میں اس فلم میں کام کرنا چاہتی ہوں مگر میرا نہیں خیال کہ کرن جوہر مجھے سے رابطہ کریں گے کیونکہ ان کے مطابق میں فلم میں اپنے کردار سے انصاف نہیں کرسکتی لیکن اگر انھوں نے میرے متعلق یہ سوچ لیا کہ میں اپنا کردار بہتر طریقے سے ادا کرسکتی ہوں تومیں کام کرنا ضرور پسند کروں گی۔ دیپکا جو فلم کے موجودہ حالات سے ناواقف ہیں کا مزید کہنا تھا کہ جب ہرتیک روشن فلم کا حصہ تھے تو میں ان کے ساتھ کام کرنا چاہتی تھی مگر اب ان کے فلم چھوڑنے سے نہیں جانتی کے اس منصوبے کے ساتھ کیا ہوگانے کسی دوسرے اداکارہ کے ساتھ فلم میں کام کرنے کے سوال پر کہا کہ میں یقیناً کسی بھی اداکار کے ساتھ کام کرسکتی ہوں مگر اس سلسلہ میں دیکھنا ہوگا کہ فلمساز کا اپنے اس منصوبہ کے متعلق آگے کا کیا پروگرام ہے اور وہ کیا کرنا چاہتے ہیں ۔ واضح رہے کہ کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن کے تحت بنائی جانیوالی اس فلم کی ہدایات کرن ملہوترا دینگے۔

دوسری طرف ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی جو باجی راؤ اور ان کی بیوی مستانی کی زندگی پرفلم ’’باجی راؤمستانی بنانے جارہے ہیں نے اجے دیوگن اور دیپکا پڈوکون کو مرکزی کرداروں میں کاسٹ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدا میں وہ شاہ رخ خان اور ایشوریا رائے کو اس فلم میں کاسٹ کرنا چاہتے تھے مگر اس سلسلہ میں انھوں نے کچھ خاص کام نہیں کیا کیونکہ ان کے مطابق وقت درست نہیں تھا۔

اب زرائع کے مطابق فلمساز و ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کا کہنا ہے کہ باجی راؤ مستانی فلم بنانے کا وقت آچکا ہے اور ان کے مطابق اجے دیوگن اور دیپکا پڈوکون مرکزی کرداروں کے لیے بہتر انتخاب ہوسکتے ہیں اور وہ جلد ہی دنوں سے اس فلم کیلیے رابطہ کرکے انھیں کام کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے واضح رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی دونوں فنکاروں کے ساتھ پہلے بھی متعدد فلمیں بنا چکے ہیں اور اگر اجے دیوگن اور دیپکا پڈوکون نے سنجے کی اس فلم میں کام کرنے کی حامی بھر لی تو دونوں فنکار پہلی مرتبہ کسی فلم میں سینما اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔

دوسری طرف دیپکا پڈوکون کی اداکار ارجن کپور اور نصیرالدین شاہ کے ساتھ انگلش اور کونکنی زبان میں بنائی جانیوالی فلم ’’فائنڈنگ فینی فرنینڈس‘‘ کی پوسٹ پروڈکشن کا کام آخری مراحل میں ہے ۔سیف علی خان اور ڈینش ویجان کی مشترکہ پروڈکشن کی ہدایات ہومی اداجانیا نے دی ہیں۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں پنکج کپور، ڈمپل کپاڈیا اور کیون ڈی میلو شامل ہیں جب کہ انجلی پاٹیل اور رنویر سنگھ نے بھی مختصر کردارادا کیے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس فلم کی شوٹنگ گزشتہ برس اکتوبر میں شروع کی گئی اور صرف 41 دن میں تمام کام مکمل کرلیا گیا ، پروڈیوسرز کے مطابق فلم فائنڈنگ فینی فرنینڈس کو 4 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ دوسری طرف اداکارہ کی ایک اور فلم ’’ہیپی نیوائیر‘‘ بھی رواں برس 23 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائے گی۔ فرح خان کی ہدایات میں بنائی جانیوالی اس فلم میں اداکارہ کے ساتھ شاہ رخ خان اور ابھشیک بچن مرکزی کرداروں میں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔