کیمرون؛ اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے دوران بھگدڑ میں 8 افراد کچل کر ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 25 جنوری 2022
کیمرون نے یہ میچ جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، فوٹو: فائل

کیمرون نے یہ میچ جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، فوٹو: فائل

یاؤندے: افریقی ملک کیمرون میں فٹبال میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران بھگدڑ مچ گئی جس میں کچل کر 8 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کیمرون کے دارالحکومت میں ’’افریقا کپ آف نیشن‘‘ کے سلسلے میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں فٹبال کے سنسنی خیز میچز سے بڑی تعداد میں شائقین بھی محظوظ ہو رہے ہیں۔

میزبان ملک کیمرون کی فٹبال ٹیم کا ایک اہم میچ یاؤندے اولیمبے اسٹیڈیم میں تھا جہاں 60 ہزار شائقین کی گنجائش تھی تاہم فٹبال کے دیوانوں کی کئی گنا زیادہ تعداد اسٹیڈیم پہنچ گئی۔

اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران مرکزی دروازے پر دھکم پیل اور بھگدڑ مچنے سے 8 افراد کچل کر ہلاک ہوگئے جب کہ 38 زخمی ہیں جن میں درجن بھر افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث اسٹیڈیم کے گنجائش کے 60 فیصد تک شائقین کو اندر داخل ہونے کی اجازت دی تاہم ہزاروں شائقین اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے بضد تھے۔

اس میچ میں مخالف ٹیم کو 2-1 سے شکست دیکر میزبان ملک کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔