لاہور اور خیبرپختونخوا چیمبر مل کر کالا باغ ڈیم کیلیے راہ ہموار کرینگے

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 16 فروری 2014
کالاباغ ڈیم سستی بجلی فراہم اورسیلابوں کی روک تھام کیلیے موثرکردارادا کرنے کی صلاحیت کاحامل ہوگا،سہیل لاشاری۔ فوٹو: فائل

کالاباغ ڈیم سستی بجلی فراہم اورسیلابوں کی روک تھام کیلیے موثرکردارادا کرنے کی صلاحیت کاحامل ہوگا،سہیل لاشاری۔ فوٹو: فائل

لاہور: لاہور اور خیبر پختونخوا چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے راہ ہموار کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ گزشتہ روز لاہور چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری میں دونوں چیمبرز کے صدور اور وفود نے ایک اجلاس کے دوران کیا، اجلاس کی صدارت لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کی جبکہ نائب صدر کاشف انور اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین تنویر احمدصوفی، میاں تشرف جاوید اور چوہدری محمد اسلم بھی ملاقات میں موجود تھے، لاہور چیمبر کے صدراور خیبرپختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ قومی معاشی معاملات پر یکساں موقف اپنایا جائے گا۔ اجلاس کے دوران توانائی کے بحران، ٹیکسوں کے پیچیدہ نظام، پانی کی قلت سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔ خیبر پختونخواچیمبر کے صدرنے سہیل لاشاری کی اس تجویز سے اتفاق کیا کہ آئندہ سال کے لیے بجٹ کی سفارشات تیار کرنے کے بجائے تمام ملکی چیمبرز مل کر ایک شیڈو بجٹ تیار کریں تاکہ حکومت ان تیار کردہ رہنما اصولوں کی روشنی میں بجٹ تیار کرے تاکہ کاروباری برادری اور حکومتی اداروں میں مفاہمت بڑھے اور معیشت کو خاطر خواہ فائدہ ہو جس سے ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔

اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیاکہ قومی اہمیت کے معاملات پر بھی لاہور چیمبر خیبرپختونخوا چیمبر کو گائیڈ لائن فراہم کرے گا۔ اس موقع پرلاہور چیمبرکے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کالا باغ ڈیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیم نہ صر ف ملک کو سستی بجلی فراہم کرے گا بلکہ سیلابوں کی روک تھام کے لیے موثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت کا حامل بھی ہوگا، اگر آج ملک میں ڈیمز تیار کرنے کی کوششوں کو تیز نہ کیا گیا تو آئندہ آنے والی نسلیں کبھی بھی ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے حال ہی میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے اشتراک سے عالمی ثالثی سینٹر قائم کیا ہے، خیبرپختونخوا چیمبر کے ممبران بھی اس سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ خیبرپختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے اپنے خطاب کے دوران لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کو خیبرپختونخوا کے ایگریکلچر، لائیواسٹاک، معدنیات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ پشاور وسطیٰ ایشیائی ریاستوں اور افغانستان تک رسائی کا گیٹ وے ہے جس سے لاہور چیمبر کے ممبران کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔