ہفتہ رفتہ، حصص مارکیٹ غیر یقینی کا شکار، مندی چھائی رہی

بزنس رپورٹر  اتوار 16 فروری 2014
ایک ہفتے میں انڈیکس 288 پوائنٹس نیچے، یومیہ اوسط کاروباری حجم10 اور مارکیٹ سرمایہ 0.8 فیصد گھٹ گیا۔ فوٹو: فائل

ایک ہفتے میں انڈیکس 288 پوائنٹس نیچے، یومیہ اوسط کاروباری حجم10 اور مارکیٹ سرمایہ 0.8 فیصد گھٹ گیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی اسٹاک ایکس چینج کے بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں گزشتہ ہفتے کے دوران 288 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ ہفتے کے دوران حصص مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنیوں کے اعلان کردہ مالیاتی نتائج کے بھی محدود اثرات سامنے آئے جبکہ اختتامی کاروباری سیشنز کے دوران بعض کمپنیوں کی توقعات کے برعکس مالیاتی نتائج سے مایوسی بھی نظر آئی اور مارکیٹ مندی کے زیراثر رہی، ہفتہ وار کاروبار کے دوران اسٹاک ایکس چینج میں ایک غیریقینی کیفیت طاری رہی جس میں طالبان سے مذاکرات کا معاملہ سرفہرست تھا جس میں کوئی ٹھوس بات سامنے نہیں آئی۔

سرمایہ کاروں نے نئی سرمایہ کاری محتاط انداز میں کی، زیادہ تر فروخت کا مقصد منافع حاصل کرنا تھا تاہم وقفے وقفے سے نچلے اور درمیانے درجے کے اسٹاکس میں خریداری بھی دیکھی گئی مگر زیادہ تر سیشنز میں کاروباری سرگرمیاں اتارچڑھائو کے بعد مندی کا شکار ہوگئیں، اسی وجہ سے کے ایس ای 100 انڈیکس ہفتہ وار بنیاد پر 288 پوائنٹس کمی کے بعد 26394پوائنٹس پر بند ہوا، کاروباری سرگرمیوں کا یومیہ اوسط حجم بھی 10فیصد کمی کے بعد 25 کروڑ 25 لاکھ شیئرز تک محدود رہا جبکہ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 0.8 فیصد کمی سے 64کھرب 32ارب روپے ہو گیا، گزشتہ ہفتے ایم سی بی بینک اور اینگرو کے مالیاتی نتیجے توقع سے کم، این ایم ایل اور ڈی جی خان سیمنٹ کے نتائج توقع کے مطابق جبکہ الائیڈ بینک کے فنانشل رزلٹس سرمایہ کاروں کی توقع سے زیادہ رہے، پاکستان کی نسبت خطے کی دیگر تمام اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔