ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ثبوت ہے کہ نئے پاکستان میں صرف کرپشن ہوئی، شہبازشریف

ویب ڈیسک  بدھ 26 جنوری 2022
رپورٹ جھٹلانے کے بجائے گریباں میں جھانکنا اور خود احتسابی درکار ہے، اپوزیشن لیڈر  (فائل فوٹو)

رپورٹ جھٹلانے کے بجائے گریباں میں جھانکنا اور خود احتسابی درکار ہے، اپوزیشن لیڈر (فائل فوٹو)

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی نے کرپشن میں 10 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ر ثبوت ہے کہ عمران نیازی کے نئے پاکستان میں صرف کرپشن ہوئی۔ 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر غور کرنا ہوگا کہ ایک نااہل، نالائق اور کرپٹ شخص ملک و قوم کے لئے کتنا خطرناک ثابت ہوتا ہے، غیرملکی ادارے کی یہ رپورٹ نظام بیٹھ جانے کا اعلان ہے، اور ثبوت ہے کہ عمران نیازی کے نئے پاکستان میں صرف کرپشن ہوئی۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ رپورٹ ہمیں قومی سطح پر اصلاح احوال کی دعوت فکر دے رہی ہے، اسے چھپانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، رپورٹ جھٹلانے کے بجائے گریباں میں جھانکنا اور خود احتسابی درکار ہے، ہمیں ان عوامل، محرکات اور مضمرات پر غور کرنا چاہئے جس سے یہ رپورٹ مرتب ہوئی ہے، مجموعی طور پر پاکستان کرپشن انڈیکس میں 23 پوائنٹس گرا ہے جس سے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول کو شدید نقصان پہنچے گا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران نیازی نے کرپشن میں 10 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، کرپشن میں انہیں پیچھے چھوڑ گئے جن کے خلاف سیاست میں آنے کا دعویٰ کیا تھا، وہ پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے خطرناک نہیں بلکہ مہلک ترین ثابت ہوئے، وہ اس سے زیادہ اور کیا خطرناک ہوں گے کہ 16 درجے کرپشن بڑھ گئی، معیشت تباہ، مہنگائی اور بے روزگاری آسمان پر پہنچ چکی ہے، عمران نیازی کو اب بھی ملک یا اس کے نام کی نہیں، اپنے جھوٹے امیج کوبچانے کی فکر پڑی ہوئی ہے، ان کی سوچ پر افسوس ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔