مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس کے قافلے پر گرنیڈ حملہ، ہلاکتوں کا خدشہ

ویب ڈیسک  بدھ 26 جنوری 2022
شدید زخمی سینیئر  افسر کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، فوٹو: فائل

شدید زخمی سینیئر افسر کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، فوٹو: فائل

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر گرنیڈ حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں سینیئر افسر سمیت 4 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری نگر میں بھارتی پیراملٹری فورس اور پولیس قافلے پر نامعلوم افراد نے گرنیڈ حملہ کردیا۔ حملہ اتنا اچانک تھا کہ اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔

حملے سے خوف زدہ ہوکر سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔ حملہ آوروں کے جانے کے بعد مزید نفری طلب کی گئی۔

قریبی ملٹری اسپتال میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک سینیئر افسر سمیت 5 شدید زخمیوں کو لایا گیا۔ سینیئر افسر سیمت دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

گرنیڈ حملے کے بعد علاقے کا محاصرہ کرکے بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کیا جس میں ایک نوجوان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اعجاز وانی نامی نوجوان پر گرنیڈ حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوان کی غیرقانونی حراست پر علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے نوجوان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گرنیڈ حملے کے وقت نوجوان اپنے گھر پر تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔