اہم ایونٹس میں بھارت سے ہار، پاکستانی بچے بھی ’’بڑوں‘‘ کے نقش قدم پر چل پڑے

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 16 فروری 2014
 انڈر19ورلڈکپ:پاکستانی بیٹسمین سمیع اسلم اور انعام الحق رن مکمل کر رہے ہیں، ٹیم کو بھارت نے ہرادیا۔ فوٹو: آئی ڈی آئی

انڈر19ورلڈکپ:پاکستانی بیٹسمین سمیع اسلم اور انعام الحق رن مکمل کر رہے ہیں، ٹیم کو بھارت نے ہرادیا۔ فوٹو: آئی ڈی آئی

دبئی: اہم ایونٹس میں بھارت سے ہارنے کی روایت برقرار رہی، پاکستانی بچے بھی ’’بڑوں‘‘ کے نقش قدم پر چل پڑے، انڈر 19 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں روایتی حریف کیخلاف40 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

263کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے گرین شرٹس222  پر ہمت ہارگئے،کپتان سمیع اسلم کے64 رنزکسی کام نہ آئے،آف اسپنر دیپک ہودا نے آدھی ٹیم کا صفایا کیا، اس سے قبل دفاعی چیمپئن نے 7 وکٹ پر 262 رنز اسکور کیے، سرفراز خان اور سنجو سیمسن نے ففٹیز بنائیں، عرفان اللہ شاہ اور کرامت علی نے2،2 وکٹیں لیں، دیگر مقابلوں میں اسکاٹ لینڈ نے پاپوا نیوگینی کو 6 وکٹ سے پچھاڑا۔ پول بی بنگلہ دیش نے افغانستان کو 10 وکٹ سے قابو کیا، شادمان اسلام نے ایونٹ کی پہلی سنچری جڑی، آسٹریلیا نے نمیبیا کو 101 رنز کے بھاری مارجن سے زیر کیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے ٹورنامنٹس میں بھارتی ٹیم سے اعصاب کی جنگ ہارنے میں پاکستانی نوجوان کرکٹرز بھی اپنے سینئرز کی پیروی کرنے لگے ہیں۔ انڈر 19 ورلڈ کپ کے پول اے میں بھارت نے گرین شرٹس کو 40 رنز سے شکست دے دی، 2012کے میگا ایونٹ میں بھی بلو شرٹس نے حریف کو ہرایا تھا، سینئر ٹیم ورلڈ کپ، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور چیمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف سے ہارتی رہی ہے۔

ہفتے کو 263 رنز کا تعاقب کرنے والی پاکستانی انڈر 19ٹیم کو سمیع اسلم (64) اور امام الحق (39) نے 23 اوورز میں 109 کا آغاز فراہم کیا،امام الحق، عامر غنی کی گیند پر سرفراز کا کیچ بنے جبکہ کپتان رن آئوٹ ہوگئے،اس کے بعد ٹیم سنبھل نہیں سکی، سعود شکیل (32) اور ضیا الحق (21) نے کچھ مزاحمت کی لیکن پوری ٹیم 48.4 اوورز میں222 پرہمت ہارگئی، آف اسپنر دیپک ہودا نے 41 رنزکے عوض5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس سے قبل  بھارت  نے مقررہ 50 اوررز میں 7 وکٹ پر 262رنز جوڑے، اوپنرز اکھیل ہردویکر (41) اور انکش بیانز(24) نے 8 اوورز میں 65رنز بنائے، اس شراکت کا خاتمہ عرفان اللہ شاہ نے کیا، اس کے بعد کرامت نے یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں لیں جس سے بھارت کی 94 کے اسکور پر گرنے والی وکٹوں کی تعداد چار ہوگئی۔

اس موقع پر مڈل آرڈر بیٹسمین سرفراز خان اور سنجو سیمسن نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے  پانچویں وکٹ کیلیے 119رنز کی شراکت بنائی، سرفراز کا سلپ میں سمیع سے  کیچ بھی ڈراپ ہوا، وہ 74 کی اننگز کھیل کر ظفرگوہر کی گیند پر رضا حسن کا کیچ بنے، مجموعے میں 16رنز کے اضافے سے سنجو سیمسن نے بھی پویلین کی راہ لی، عرفان شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر سیف اللہ کو کیچ دینے سے قبل انھوں نے 68رنز اسکورکیے۔

عرفان اللہ شاہ نے 32 اور کرامت علی نے 37 رنز دے کر2،2وکٹیں لیں۔ اسی پول کے دوسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے  پاپوا نیوگینی کو  108 رنز پر آئوٹ کردیا، روس میکلرین اور شیانک گوسین نے تین، تین وکٹیں لیں، جواب میں اسکاٹش ٹیم نے 4 وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا، زینڈر میور 39 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ پول بی میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو 10 وکٹ سے شکست دی، ناکام سائیڈ 212 رنز بناکر آئوٹ ہوئی، محمد مجتبیٰ نے 47 اور حشمت اللہ شیدی نے 43 رنز بنائے، مصدق حسین نے 3 وکٹیں لیں، بنگلہ دیش نے بغیر کسی نقصان کے ہدف حاصل کیا، شادمان اسلام نے ناقابل شکست 126 اور جوریز شیخ نے ناٹ آئوٹ 81 رنز بنائے۔ اسی پول کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے7 وکٹ پر  242 رنزبنائے، میتھیوشارٹ 96 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جواب میں نمیبیا کی ٹیم141پر آئوٹ ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔