ورلڈکپ 2015 کی تیاری، پاکستان کا نیوزی لینڈ سے رابطہ

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 16 فروری 2014
جنوری میں مختصر ایک روزہ سیریز پر غور، رواں برس دونوں ٹیموں کا یو اے ای میں سامنا۔
فوٹو:فائل

جنوری میں مختصر ایک روزہ سیریز پر غور، رواں برس دونوں ٹیموں کا یو اے ای میں سامنا۔ فوٹو:فائل

ویلنگٹن: پاکستان نے آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے نیوزی لینڈ سے رابطہ کرلیا، جنوری میں مختصر ایک روزہ سیریز کی درخواست کی گئی ہے، رواں برس نومبر میں دونوں ممالک یواے ای میں بھی مدمقابل آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ آئندہ برس فروری مارچ میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا، میگا ایونٹ کی تیاریوں کے لیے مختلف ممالک پہلے سے ہی میزبان کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی خواہاں اور اس سلسلے میں کیوی بورڈ سے رابطہ بھی کیا ہے، ان میں پاکستان بھی شامل ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے آئندہ برس جنوری میں ایک مختصر ون ڈے سیریز کی درخواست کی گئی تاہم ابھی کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

رواں برس پاکستان کو نیوزی لینڈ کی یو اے ای میں بھی فل سیریز کے لیے میزبانی کرنی ہے۔ ادھر جنوبی افریقہ نے بھی نیوزی لینڈ سے اکتوبر میں مختصر سیریز کھیلنے کی درخواست کردی ہے۔ این زیڈ سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے تصدیق تو نہیں کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگلے سیزن میں یہاں پر کھیلنے کے لیے مختلف ممالک سے بات چیت ہورہی ہے۔ نیوزی لینڈ کو سال کے اختتام پر سری لنکا کی بھی میزبانی کرنا ہے، نیوزی لینڈ میں ون ڈے میچز دسمبر میں کھیلے جاتے ہیں تاہم اکتوبر میں مقابلوں کی صورت میں موسمی کنڈیشنز کے ساتھ این زیڈ سی کو وینیوز کی دستیابی کا بھی مسئلہ درپیش ہوگا کیونکہ اس وقت رگبی سیزن جاری ہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔