ڈیوس کپ، اعصام آتے ہی چھا گئے، پاکستان کو ویتنام پر سبقت

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 16 فروری 2014
عقیل خان کے ساتھ ڈبلز میچ میں حریف پلیئرز کو قابو کیا، آج فیصلہ کن ریورس سنگلز۔
فوٹو: فائل

عقیل خان کے ساتھ ڈبلز میچ میں حریف پلیئرز کو قابو کیا، آج فیصلہ کن ریورس سنگلز۔ فوٹو: فائل

دلت سٹی / ویتنام: ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا زون گروپ 2 میں پاکستان نے ویتنام پر 2-1 سے سبقت حاصل کرلی، اسٹارپلیئر اعصام الحق آتے ہی چھا گئے، انھوں نے عقیل خان کے ساتھ ڈبلز میچ میں میزبان پلیئرز کو قابو کیا۔

تفصیلات کے مطابق ابتدائی سنگلز میں دونوں ممالک نے ایک ایک کامیابی پائی تھی، فیصلہ کن ریورس سنگلز اتوار کو شیڈول ہیں، ہفتے کو منعقدہ واحد ڈبلز میں پاکستانی جوڑی اعصام اور عقیل نے میزبان پلیئرز کواک کھین لی اور کوانگ ہوئے نیگو کو سخت مقابلے کے بعد 3-1 سے شکست دی، پاکستانی جوڑی نے ابتدائی2 سیٹ باآسانی6-1 اور6-1 کے مارجن سے جیت لیے، تیسرے میں میزبان پلیئرز نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے ٹائی بریکر پر 6-7 (7/5) سے کامیابی حاصل کی، چوتھے سیٹ میں بازی ایک مرتبہ پھر اعصام اور عقیل کے ہاتھ رہی، جنھوں نے6-2 کے اسکور کی فتح سے ملک کو ٹائی میں سبقت دلا دی، اتوار کو شیڈول ریورس سنگلز میں عقیل خان کا مقابلہ ہوانگ تھین نگون سے ہوگا، محمد عابد کوانگ ہوئے نیگو کیخلاف کورٹ سنبھالیںگے، اسی گروپ کے دوسرے مقابلے میں تھائی لینڈ نے ہانگ کانگ پر2-1 سے برتری حاصل کرلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔