بلائنڈ ٹی 20، پاکستان نے بھارت کو 7 وکٹ سے شکست دیدی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 16 فروری 2014
نثارعلی کی نصف سنچری، محمد جمیل نے 49 رنز بنائے، آج فیصل آباد میں دوسرا میچ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

نثارعلی کی نصف سنچری، محمد جمیل نے 49 رنز بنائے، آج فیصل آباد میں دوسرا میچ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لاہور: بلائنڈ کرکٹ سیریز کے پہلے ٹوئنٹی20میچ میں پاکستان نے بھارت کو 7وکٹ سے شکست دیدی،3 میچزکی سیریز میں میزبان کو 1-0 سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔

باغ جناح لاہور میں میچ بارش کی وجہ سے17اوورز فی اننگز تک محدود کرنا پڑا۔ میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر حریف کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، بھارت نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹ پر158رنز بنائے، وینکیٹش نے ناقابل شکست 39رنز کی اننگز کھیلی، ہنومان34 اور اجے ریڈی 28رنزکے ساتھ نمایاں رہے، سجاد نے2کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا، پاکستان نے ہدف تین وکٹ پر 15.3اوورز میں حاصل کر لیا،اوپنرز محمد جمیل اور نثارعلی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی 8اوورز میں 58رنز بنائے،دونوں بالترتیب49 اور54رنز کی اننگز کھیل کر رخصت ہوئے، سکھرام اور پاٹیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، نثارکو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

مہمان خصوصی میاں مصباح الرحمان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، دوسرا ٹوئنٹی20 میچ اتوار کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا ۔دوسری جانب پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان عباس نے کہاکہ پہلے میچ میں کامیابی سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہو گئے، ٹیم دیگر میچز میں بھی فتوحات کیلیے پُرعزم ہے۔ بھارتی قائد شیکھر نائیک نے کہا کہ میزبان سائیڈ نے ہر شعبے میں عمدہ کارکردگی کے بعد کامیابی حاصل کی، شکست کے باوجود مایوس نہیں ہیں،خامیوں پر قابو پا کر اگلا مقابلہ جیتیں گے۔ دریں اثنا فیصل آباد میں شیڈول دوسرے میچ کیلیے انتظامات مکمل کر لیے گئے، 500سے زائد پولیس اہلکار اقبال اسٹیڈیم کے مختلف حصوں میں خدمات سرانجام دیںگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔