پاکستان سپر لیگ ٹریفک کے متبادل روٹس کا اعلان

لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائرفلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم روڈ پرشہریوں کوجانے کی اجازت نہیں ہوگی


Staff Reporter January 28, 2022
شائقین کواصل شناختی کارڈاورمیچ ٹکٹ دکھانالازمی ہوگا ۔ فوٹو : این این آئی

KARACHI/LAHORE: پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم میں میچزکے موقع پر ٹریفک پولیس نے متبادل روٹس کا اعلان کردیا۔

اسٹیڈیم آنے والے شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی طور پر پارکنگ بھی قائم کی گئی ہیں جونیشنل کوچنگ سینٹر اور حکیم سعید گراؤنڈ میں بنائی گئی ہیں ، ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شائقین کو اصل شناختی کارڈ اور میچ کا ٹکٹ دکھانا لازمی ہوگا۔ کارساز سے آنے والے ٹریفک کو اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے سے ہوتے ہوئے سرشاہ سلیمان روڈ پر قائم نیشنل کوچنگ سینٹر میں گاڑیاں پارک کرنا ہوں گی۔

اسی طرح ملینیئم مال اور نیو ٹاؤن کی جانب آنے والوں کو بھی نیشنل کوچنگ سینٹر میں پارکنگ کی جگہ دی جائے گی ، ضلع سینٹرل اور ویسٹ کے لیے لیاقت آباد اور حسن اسکوائر سے دائیں جانب یونیورسٹی روڈ پر حکیم سعید گراؤنڈ میں پارکنگ قائم کی گئی ہے جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے شائقین کو نیشنل اسٹیڈیم لے جایا جائے گا۔

اسی طرح ملیر ، کورنگی ، نیو کراچی اور گلشن اقبال سے آنے والے افراد بھی حکیم سعید گراؤنڈ پارکنگ استعمال کرسکیں گے ، اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم روڈ پر عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی ، تمام ٹریفک یونیورسٹی کا راستہ اختیار کرکے اپنی منزل کی جانب جاسکے گی ، یونیورسٹی روڈ سے ایکسپو ٹرننگ بھی بند کی جائے گی۔

اس کے علاوہ اسٹیڈیم روڈ سے حسن اسکوائر کی جانب ٹریفک معمول کے مطابق چلتی رہے گی، اسی طرح تمام تر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی اسٹیڈیم کی جانب ممنوع ہوگا، سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد دس نمبر سے حسن اسکوائر اور پی پی چورنگی سے یونیورسٹی روڈ، کارساز سے اسٹیڈیم اور ملینئم سے نیو ٹاؤن تک ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ زحمت و پریشانی سے بچانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں، اپنی گاڑیاں یا موٹر سائیکلیں کسی سروس روڈ یا مرکزی سڑک پر کھڑی کرنے سے گریز کریں اور پارکنگ کے مقامات پر ہی اپنی گاڑیاں پارک کریں ،کسی بھی پریشانی کی صورت میں رہنما کے لیے ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں