سعودی جیلوں میں قید ہزاروں پاکستانی رہائی کے منتظر، پاکستانی حکام نے چپ سادھ لی

ویب ڈیسک  اتوار 16 فروری 2014
پاکستانی حکام کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کے لئے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جا رہا، اہلہ خانہ۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

پاکستانی حکام کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کے لئے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جا رہا، اہلہ خانہ۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

ریاض: سعودی عرب میں رواں برس کے آغاز پر غیر ملکیوں کے لئے نئے قوانین متعارف کئے جانے کے بعد 4 ہزار سے زائد پاکستانی سعودی جیلوں میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جب کہ پاکستانی حکام نے اس حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی عرب میں نئے سال کے آغاز پر غیر ملکیوں کے لئے نئے قوانین کے اطلاق کے بعد نوکری کی غرض سے جانے والے 4 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو جیلوں میں بند کردیا گیا، سعودی حکام کی جانب سے جیلوں میں قید پاکستانیوں کے ساتھ انہائی ناروا سلوک برتا جا رہا ہے اور انھیں 2 وقت کی روٹی بھی فراہم نہیں کی جارہی۔ دوسری جانب جیلوں میں قید پاکستانیوں کے سعودی کفیل ویزے کی میعاد بڑھانے کے لئے 20 ہزار ریال تک رشوت طلب کر رہے ہیں۔

سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے اہلہ خانہ کا کہنا ہے پاکستانی دفتر خاجہ کی جانب سے ان کے پیاروں کی رہائی کے لئے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جا رہا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی جیلوں میں 300 کے قریب پاکستانی قید ہیں جن کی وطن واپسی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔