کرکٹر ذیشان ملک پر پابندی ختم

امید ہے میرے تمام دوست، ساتھی اور کوچ معاف کر یں گے اور مجھے دوبارہ کرکٹ میں قبول کرلیں گے، ذیشان ملک


Sports Reporter January 29, 2022
امید ہے میرے تمام دوست، ساتھی اور کوچ معاف کر یں گے اور مجھے دوبارہ کرکٹ میں قبول کرلیں گے، ذیشان ملک . فوٹو : فائل

MOSCOW: ذیشان ملک کی پابندی 13 جنوری 2022 کو ختم ہوگئی ہے۔

پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 2.4.4 کی خلاف ورزی کرنے پر ناردرن کے بیٹسمین ذیشان ملک کو 14 اکتوبر 2021کو معطل کیا گیا تھا۔ انہیں 18 نومبر 2021 کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا ۔ انہوں نے 18 نومبرکو اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔

31 دسمبر 2021 کو پی سی بی اور ذیشان ملک نے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 5.1.12 کے تحت باہمی رضامندی اور اتفاق رائے سے ذیشان ملک پر 3 ماہ کی پابندی عائد کردی جس کا آغازمعطلی کے روز سے ہوا۔

لہٰذا تین ماہ مکمل ہونے پر ذیشان ملک کی پابندی 13 جنوری 2022 کو ختم ہوگئی ہے تاہم مسابقتی کرکٹ میں واپسی کے لیے ذیشان ملک کو پی سی بی سیکورٹی اور اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تیار کردہ ری ہیب پروگرام میں شرکت کررہے ہیں۔

اس حوالے سے ذیشان ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ میں پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ پر عمل نہ کرنے پر اپنے تمام ساتھیوں، ساتھی کرکٹرز اور اسپورٹرز سے معذرت خواہ ہوں، اگرچہ میں نے مذکورہ پیشکش سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا تاہم متعدد اینٹی کرپشن لیکچرز میں شرکت کے باوجود میں اس مذکورہ پیشکش سے متعلق آگاہ کرنے میں ناکام رہا لہٰذا مجھے بجا طور پر مسابقتی کرکٹ سے معطل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ میں معافی کا خواست گار ہوں لہٰذا میں تمام کرکٹرز سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کرپٹ عناصر سے باخبر اور ان کی پیشکش سے ہوشیار رہتے ہوئے اس سے متعلق معلومات کو فوری طور پر پی سی بی سیکیورٹی اور اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو مطلع کریں تاکہ انہیں کھیل سے دور رکھا جاسکے۔

ذیشان ملک نے کہا کہ کرکٹ میرے دل کے بہت قریب ہے اور گزشتہ تین ماہ میں اس کی کمی شدت سے محسوس کی ہےتاہم اس عرصہ کے دوران میں نے مزید محتاط رہنا بھی سیکھا ہے کیونکہ یہاں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو اپنے فائدے کے لیے معصوم لوگوں کو قربان کر دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ میرے تمام دوست، ساتھی اور کوچ مجھے معاف کر یں گےاوروہ مجھے دوبارہ کرکٹ میں قبول کرلیں گے۔

واضح رہے ذیشان ملک پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ پر لیکچر لینے اور دینے سمیت مقامی ٹیموں کے ساتھ ایسے مختلف سیشنز میں حصہ لیں گے، جس کے بعد انہیں مسابقتی کرکٹ میں واپسی کی اجازت ملے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں