سعودی عرب کا معتمرین کے لیے ایک نئی سہولت کا اعلان

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 جنوری 2022
ایپ کے ذریعے معتمرین ہوٹل میں کمرہ اور ٹرانسپورٹ بھی بک کراسکتے ہیں، فوٹو: فائل

ایپ کے ذریعے معتمرین ہوٹل میں کمرہ اور ٹرانسپورٹ بھی بک کراسکتے ہیں، فوٹو: فائل

ریاض: سعودی حکومت نے عمرہ کے لیے آنے والے خوش قسمت افراد کی آسانی کے لیے ایک نیا اقدام اُٹھایا ہے جس کی مدد سے معتمرین ہوٹل کا کمرہ بک کرانے اور ٹرانسپورٹ سمیت کئی سہولیات حاصل کرسکتے ہیں۔ 

سعودی میڈیا کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے اعتمرنا ایپ کے ذریعے ہوٹل میں کمرہ بک کرانے اور زیارات مقدسہ کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں اس ایپ سے صرف عمرہ ویزہ اور خانہ کعبہ و مسجد نبوی ﷺ میں جگہ کی تصدیق کی جا سکتی تھی۔

وزارت حج و عمرہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اعتمرنا ایپ میں ’حجز خدمہ‘ کے آپشن میں بکنگ کی سہولت بھی شامل کردی گئی ہے جس میں اُن تمام رجسٹرڈ پلیٹ فارموں کی فہرست ہوگی جن کی مدد سے معتمرین مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے سفر کے دوران ہوٹل میں کمرہ اور ٹرانسپورٹ کے لیے بس وغیرہ کی بکنگ کرا سکتے ہیں۔

کورونا وبا کے باعث سعودی حکومت نے عمرہ اور حج کے لیے ٹیکنالوجی کی مدد سے سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جس کے لیے دو ایپس بھی بنائی گئی ہیں جس کی مدد سے معتمرین تمام سہولیات گھر بیٹھے بک کرواسکتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔