کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو باآسانی شکست دے دی

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 جنوری 2022
نسیم شاہ نے 3.3 اوورز میں 20 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو انٹرنیٹ)

نسیم شاہ نے 3.3 اوورز میں 20 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو انٹرنیٹ)

کراچی: پاکستان سپرلیگ 7 کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنا کھاتہ کھول دیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا چوتھا میچ کھیلا گیا، جس میں گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت پر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کنگز اننگز کے آغاز سے ہی گلیڈی ایٹرز کے بولرز کا مقابلہ کرنے میں مشکلات کا شکار نظر آئی اور کپتان بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر رُک نہ سکا۔

بابرالیون 113 پر ڈھیر ہوئی اور گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 114 کا ہدف دیا، جسے گلیڈی ایٹرز نے دو وکٹوں کے نقصان پر 15.5 اوورز میں ہی حاصل کرلی۔

کراچی کنگز اننگز

کراچی کنگز کی جانب سے کپتان بابراعظم اور شرجیل خان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم شرجیل خان صرف 10 رنز بنا کرسہیل تنویر کا شکار ہوئے، یوں بابر الیون کو 16 کے مجموعی اسکور پر پہلے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

سہیل تنویر نے تیسرے اوور کی تیسری گیند پر جوئے کلارک کو 2 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا تو کنگز کے ابتدائی دو بلے باز 18 رنز پر پویلین لوٹے، بعد ازاں نئے آنے والے کھلاڑی ٹم لیمونبی کو نسیم شاہ 3 رنز پر پویلین کی جانب روانہ کیا، اگلی ہی گیند پر انہوں نے محمد نبی کو بھی صفر پر آؤٹ کیا۔

اس کے بعد 34 کے مجموعی اسکور پر لیوس گریگوری بھی 5 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، پھر نئے آنے والے کھلاڑی محمد طحٰہ 6 کے انفرادی اسکور پر محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوئے، یوں کراچی کنگز کے 6 کھلاڑی 56 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے۔

اس دوران کپتان بابر اعظم نے ٹیم کو سنبھالا دینے کے لیے محتاط انداز سے بیٹنگ کے سلسلے کو جاری رکھا اور 11 اوورز میں اسکور کو 69 تک پہنچایا اور اگلے ہی اوور میں وہ محمد حسنین کی گیند پر 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کراچی کنگز کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عامر یامین تھے جنہوں نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔

یوں تیرہویں اوور میں 81 کے مجموعی اسکور پر کراچی کنگز کو آٹھویں نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا، بعد ازاں 95 کے مجموعی اسکور پر محمد الیاس نسیم شاہ کا شکار بنے، بعد ازاں عماد وسیم بھی نسیم شاہ کا شکار ہوئے، یوں کراچی کنگز کی ٹیم 113 پر ڈھیر ہوگئی۔

کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم 32 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ، اس کے علاوہ صرف چار ہی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولر نسیم شاہ نے تین اعشاریہ تین اوور میں صرف 20 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ سہیل تنویر 2، حسنین نواز اور جیمز ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اننگز

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز ول اسمیڈ اور احسن علی نے کیا اور 76 رنز کی شراکت داری کی، جس کے بعد ول اسمیڈ 30 کے انفرادی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔

اس دوران احسان علی نے ذمہ دارانہ انداز سے کھیل کو جاری رکھا اور 57 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے احسان علی 57 ، ول اسمیڈ 30 اور کپتان سرفراز احمد 16 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ کراچی کنگز کے محمد عمران ایک ہی وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح اپنے نام کی ہے۔

واضح رہے کہ اب تک کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، کراچی کنگز کو ملتان سلطانز جبکہ گلیڈی ایٹرز کو گزشتہ روز پشاور زلمی نے شکست دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔