سلمان خان سدھارتھ کی یاد میں آبدیدہ ہوگئے

بگ باس 15 کے گرینڈ فنالے کا ‘پرومو’ جاری کردیا گیا ہے


ویب ڈیسک January 29, 2022
سلمان خان بھی سدھارتھ کی یاد میں اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے (فوٹو، انٹرنیٹ)

لاہور: بالی ووڈ اسٹار سلمان خان اور اداکارہ شہناز گِل آنجہانی اداکار سدھارتھ شُکلا کی یاد میں گلے لگ کر رو پڑے۔

بھارت کے مقبول ترین ریئلٹی شو 'بگ باس' کے میزبان سلمان خان بھی سدھارتھ کی یاد میں اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے، شہناز گل کے ہمراہ ان کی آنکھیں بھی بھر آئیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بگ باس 15 کے گرینڈ فنالے کا 'پرومو' جاری کیا گیا جس میں سلمان خان اور شہناز گل آبدیدہ نظر آرہے ہیں۔

مختصر ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میزبان کے بلانے پر ماڈل واداکارہ شہناز اسٹیج پر آئیں، سلمان خان کے سوال پر شہناز گل نے بتایا کہ وہ دبنگ خان کو دیکھ کر گھبراہٹ کا شکار ہورہی ہیں۔




بعد ازاں اسٹیج پر ہی سدھارتھ کی یاد میں شہناز گل کی آنکھوں میں آنسو آگئے جس پر سلمان خان نے دلاسے کے لیے انہیں گلے لگایا اور پھر وہ بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

خیال رہے کہ شہناز گل بگ باس 13 کے فاتح آنجہانی اداکار سدھارتھ کو بگ باس 15 کے فائنل میں خراج تحسین پیش کریں گی اس سبب انہیں گرینڈ فنالے میں خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال دو ستمبر کو سدھارتھ شکلا 40 برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں