اولڈ سٹی ایریا کی ازسرنو تعمیر پر 1365 ملین روپے خرچ کریں گے مرتضی وہاب

ککری گراؤنڈ کوعالمی سطح کا اسٹیڈیم بنائیں گے جس پر کام جاری ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی


Staff Reporter January 30, 2022
ککری گراؤنڈ کوعالمی سطح کا اسٹیڈیم بنائیں گے جس پر کام جاری ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی . فوٹو : فائل

ISLAMABAD: ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اولڈ سٹی ایریا کی ازسرنو تعمیر پر 136.5 ملین روپے خرچ کریں گے۔

کراچی میں اللہ رکھا پارک کھارادر میں ری ڈیولپمنٹ آف کھارادر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضٰ وہاب نے کہا کہ یہ ترقی اور حقیقی تبدیلی کا سفر ہے اور یہ جاری رہے گا، ہم بلاتفریق اور بے لوث خدمت پر یقین رکھتے ہیں، عوام ہمارے منصوبوں کو عملی اعتبار سے ہوتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتیں اپنے بجٹ کے مطابق کام کرتی ہیں اور کسی بھی ترقیاتی منصوبے کو شروع کرنے کے لئے پروسس کو مکمل کرنا ہوتا ہے، پیپلز اسکوائر جہاں ہر ہفتے ہزاروں لوگ آتے ہیں، نیبر ہڈ اسکیم کے تحت مکمل کیا گیا، ابراہیم حیدری کے اندر اوپن اسپیس کو ڈویلپمنٹ کیا گیا، اسی سال ککری گراؤنڈ اور گذری فٹ بال اسٹیڈیم کی تعمیر بھی مکمل کریں گے، ضلع ملیر میں شیرپاؤ گراؤنڈ کی زمین کو قبضہ مافیا سے آزاد کروا کر محفوظ کرلیا گیا ہے جہاں کھیلوں کی بہترین سہولتیں مہیا کی جائیں گی،

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ضلع کورنگی میں 14ہزار روڈ، 8 ہزار روڈ، 12 ہزار روڈ، کورنگی ڈھائی اور پانچ نمبر پر فلائی اوور کی تعمیر بھی سندھ حکومت نے مکمل کی ہے، سمارکنڈیانی ویلیج جانے والی سڑک جو گوٹھوں کی طرف جاتی ہے اس کی تعمیر کا بھی آغاز کر رہے ہیں، کالا بورڈ ملیر کی سڑک کا پی سی ون تیار کیا چکا ہے اور ٹینڈرنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے، اسی طرح چاکیواڑہ روڈ اور شیر شاہ روڈ بھی تعمیر کئے جائیں گے۔

مرتضٰ وہاب نے کہا کہ آج ہم اللہ رکھا پارک میں موجود ہیں یہ پارک 2 ہزار 833 اسکوائر یارڈ پرمشتمل ہے جو تباہ کردیا گیا تھا اس کی ازسرنو تعمیر کی جائے گی، کراچی کے اولڈ سٹی ایریا کی سڑکوں کو بھی ازسرنو تعمیر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ککری گراؤنڈ جہاں محترمہ بے نظیربھٹو شہید کی شادی ہوئی تھی اس کوعالمی سطح کا اسٹیڈیم بنائیں گے جس پر کام جاری ہے، بوٹ بیسن کی فوڈ اسٹریٹ اور اس سے ملحقہ 4 پارکوں کی تعمیر کا آغاز بھی کردیا گیا ہے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق کراچی کوترقی دینے کاکام جاری ہے اور اسی طرح جاری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں