فلم ’’جنت‘‘ سے شہرت پانے والی سونل چوہان نے تیلگو فلم انڈسٹری کا رُخ کرلیا

کلچرل رپورٹر  پير 17 فروری 2014
رجنی کانت، کمل ہاسن سمیت بہت سے نامور فنکار تیلگو اور تامل فلموں کے ذریعے بالی ووڈ میں آئے۔ فوٹو: فائل

رجنی کانت، کمل ہاسن سمیت بہت سے نامور فنکار تیلگو اور تامل فلموں کے ذریعے بالی ووڈ میں آئے۔ فوٹو: فائل

لاہور: بھارتی اداکارہ و ماڈل سونل چوہان نے تیلگو فلم انڈسٹری کا رخ کر لیا، لیجنڈ فلم میں 52سالہ جگپتی بابو اور 53سالہ نندا موری بالاکرشنا کے مقابل اہم کردار کر رہی ہیں، سال رواں میں بالی ووڈ کی ایک فلم ’’آسمان‘‘ ریلیز ہوگی۔

رام نگر میں پیدا ہونے والی سونل چوہان کے والد پولیس انسپکٹر ہیں، ابتدائی تعلیم دہلی پبلک اسکول سے حاصل کی۔ کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور بعدازاں گلوکار وموسیقار ہمیش ریشمیا کے مقبول گیت ’’آپ کا سرور‘‘ میں ماڈلنگ کی۔ جس میں اس کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے مہیش بھٹ پروڈکشن نے عمران ہاشمی کے مقابل ’’جنت‘‘ میں ہیروئن سائن کر لیا۔ اس فلم نے بھارت اور پاکستان سمیت پوری دنیا میں بہت اچھا بزنس کرنے کے ساتھ سونل چوہان کو بالی ووڈ کی کامیاب اداکارائوں کی صف میں لاکھڑا کیا، مگر اسے دوسری اداکارائوں کی طرح بڑے بینرز کی فلمیں نہ ملیں، اس کے بعد اس نے ’’بڈھا ہو گیا تیرا باپ‘‘، ’’ تھری جی‘‘ کے علاوہ تیلگو فلم Rainbowاور کنڈا فلم میں ابھی تک کام کیا ہے۔ سونل چوہان نے تیلگو فلم انڈسٹری سے امیدیں وابستہ کرتے ہوئے ’’لیجنڈ‘‘ نامی فلم سائن کرلی ہے جس کی عکسبندی ان دنوں تیزی کے ساتھ ہورہی ہے جب کہ انتھونی ڈی سوزا نے بھارتی فلم ’’بلیو‘‘ کے سیکوئل ’’آسمان‘‘ میں اکشے کمار ، کترینہ کیف ، سنجے دت، زید خان، لارادتہ اور جان ابراہم کے ساتھ اہم رول میں کاسٹ کیا ہے۔

بالی ووڈ کی ایک فلم ’’پہلا ستارہ‘‘ جو التواء کا شکار چلی آرہی ہے یہ ایک چھوٹے بجٹ کی فلم ہے جس میں ایک نئے ہیرو کے ساتھ مرکزی کردار کیا ہے۔اداکارہ سونل چوہان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ کامیابی یا ناکامی یہ تو زندگی کا حصہ ہے مگر بالی وڈ میں کیرئیر کا آغاز کامیاب فلم سے ہونا اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہوں۔ فلم ’’جنت‘‘ کے بعد میری شناخت کامیاب اداکارہ وماڈل سے ہونے لگی، مجھے کافی فلمیں آفر بھی ہوئیں مگر جلد بازی کی بجائے سوچ سمجھ کر آگے بڑھنا چاہتی تھی، میری یہ حکمت عملی اس لیے کارگر نہ ہوئی کہ بالی ووڈ میں ایکشن اور تھرل فلموں کا دور شروع ہو گیا، جس میں ہیرو اور ہیروئن کے کردار شوپیس کے طور رہ گئے، بولڈ مناظر کی بھرمار نے بھی مجھے مزید دفاعی حکمت عملی پر مجبور کر دیا، دوسرا شاید پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کی ترجیحات بھی بدل گئیں۔ سونل چوہان نے کہا کہ کامیاب فلم دینے کے بعد بھی دفاتر کے چکر لگانا اور ملاقاتیں ضروری ہیں تو اس سے بہتر گھر بیٹھنے کو ہی ترجیح دی، یہ چاہے آپ میری ضد سمجھیں یا نالائقی مگر مجھے اپنے فیصلہ پر کوئی پشیمانی نہیں ہے۔

اداکاری سے زیادہ ماڈلنگ میں بے حد مصروف ہوں ، متعدد کمرشل شوٹس اور فیشن شو کر رہی ہوں۔ تیلگو فلم سائن کرنے کے بارے میں اداکارہ نے کہا کہ تیلگو اور تامل فلموں کی بھی ایک بڑی مارکیٹ ہے، بالی ووڈ میں بہت سے نامور فنکار انھی فلموں کے ذریعے انڈسٹری میں آئے، آ ج بھی رجنی کانت اور کمل ہاسن جیسے تامل اسٹارز کا ڈنکا بج رہا ہے، ہماری بہت سی نامور اداکارائوں نے ان فلموں میں کام کیا اور کر رہی ہیں۔جنت فلم کے حوالے سے سوال کے جواب میں سونل چوہان نے کہا کہ اس فلم کے ڈائریکٹر کنال دیش مکھ سے ممبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں ملاقات ہوئی ‘جہاں انھوں نے مجھ سے ٹیلی فون نمبر لیا اور چند روز بعد فلم ’’جنت‘‘ کی آفر کر دی۔ اس سے قبل میوزک ڈائریکٹر اور گلوکار ہمیش ریشمیاکے البم ’’آپ کا سرور‘‘کا وڈیو کیا۔’’جنت ‘‘میں میری پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے تیلگو فلم Rainbowملی اس کے علاوہ ایک کنڈا فلم بھی کی۔

انھوں نے کہا کہ گلوکاری کا بھی شوق ہے اور سال 2013ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’تھری جی‘‘ میں ’’کیسے بتائوں‘‘ گایا جسے سراہا گیا ۔ اس لیے ماڈلنگ ، ایکٹنگ کے ساتھ گلوکاری کو بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے البم پر کام کر رہی ہوں۔مستقبل کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ اکشے کمار اورسنجے دت جیسے سپراسٹار کے ساتھ ’’آسمان‘‘کر رہی ہوں جس میں میرا کردار کافی پاور فل ہے۔ دوسرے فنکاروں کی طرح ذاتی ہوم پروڈکشن بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔مہیش بھٹ پروڈکشن کے ساتھ مزید فلمیں کرنے کی خواہش ہے کیونکہ مہیش بھٹ کو اپنے فنکاروں سے کام لینا آتا ہے۔ اس لیے وہ جب بھی بلائیں گے تو میں پہلی فرصت میں ہی ان کا پروجیکٹ کرنا چاہوں گی۔ سونل چوہان نے کہا کہ بالی وڈ میں نئے ٹرینڈ کے ساتھ ایک بار پھر ماضی کی روایتی فلم سازی کا رحجان فروغ پارہا ہے جسے فلم بین پسند بھی کر رہے ہیں۔ نتن نیل مکیش کے ساتھ افیئر کے سوال پر انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں اس طرح کی افواہیں روز کا معمول ہے‘ ہم اچھے دوست ہیں اور اس سے زیادہ کچھ نہیں‘ فی الحال میری توجہ اپنے کیرئیر پر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔