کیا ایسے مذاکرات ہوتے ہیں کہ مذاکرات کار ڈرون سے چھپتے پھریں، عمران خان

مانیٹرنگ ڈیسک  پير 17 فروری 2014
کیانی نے کہا تھا آپریشن کی کامیابی کا امکان 40 فیصد ہے، نجم سیٹھی کے نوٹس کا منتظر ہوں،’سیاست اور قانون‘ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

کیانی نے کہا تھا آپریشن کی کامیابی کا امکان 40 فیصد ہے، نجم سیٹھی کے نوٹس کا منتظر ہوں،’سیاست اور قانون‘ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایک طرف مجھے لبرل، سیکولر اور یہودی ایجنٹ اوردوسری طرف طالبان خان کہا جاتا ہے، میں طالبان خان ہوں نہ میں نے ان کے ظلم وستم کوکبھی جواز مہیا کیا۔

چیف جسٹس افتخارچودھری سے زیادہ توقعات وابستہ کرلی تھیں، میں ووٹ بینک کاغلام نہیں، وہ کرتا ہوں جو میرے ضمیرکے مطابق صحیح ہو، نجم سیٹھی کے قانونی نوٹس کا انتظار کررہا ہوں۔ انھوں نے ایکسپریس نیوزکے پروگرام سیاست اور قانون میں میزبان ڈاکٹر معید پیرزادہ اور بابر ستار سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میں نظریاتی طور پر طالبان سے نہیں، علامہ اقبال سے منسلک ہوں، طالبان نے مجھے اس لئے بیک کیاکیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ میں قابل اعتماد ہوں اور امریکی دباؤکے سامنے ہتھیار نہیں ڈالوں گا، میں نے دہشتگردی کی ہمیشہ مذمت کی ہے چاہے وہ امریکی ڈرون کریں یا طالبان۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اے این پی آپریشن کا شور مچا رہے ہیں، انھوں نے اپنے دورمیں کیوں نہیں کیا جب اس سے زیادہ دہشتگردی ہورہی تھی، کے پی کے میں ہماری حکومت آنے کے بعد ایسے واقعات کم ہوئے ہیں۔

عمران نے کہاکہ ٹی ٹی پی میں 50گروپ ہیں، اس کا نام پہلی مرتبہ 2006ء میں سنا گیا، اس سے پہلے جنگجو ہوتے تھے، اگر آپ نے مذاکرات کرنا ہیں تو سنجیدہ کریں، کیا ایسے مذاکرات ہوتے ہیں کہ مذاکرات کرنے والے ڈرون سے چھپتے پھریں، رستم شاہ مہمندنے کہاکہ آئین کے اندربات ہوگی،مذاکرات آگے بڑھا کر جنگ بندی کی جائے،اگرکوئی گروپ اس کی خلاف ورزی کرتاہے توپھرطالبان ذمہ داری لیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل کیانی نے نوازشریف اور میری موجودگی میں کہاکہ آپریشن کی کامیابی کے 40فیصدامکانات ہیںِ، میرے خیال میں وزیرستان کے قبائلیوں کو مذاکرات کے ذریعے اپنے ساتھ ملاکر طالبان سے الگ کیا جائے اور پھر جنگ جیتی جائے۔ پی ٹی آئی کے سربراہ نے’’ 35پنکچرز‘‘کے متعلق سوال پرکہاکہ نجم سیٹھی پنجاب میں دھاندلی کے ذمہ دارتھے، سرگودھامیں ایک پولنگ سٹیشن پر15سو ووٹ تھے، وہاں نوازشریف کو8 ہزار ووٹ پڑگئے، نجم سیٹھی خودکشی نہ کریں، ان کے قانونی نوٹس کا انتظار کر رہا ہوں، دفاع کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔