پنجاب کے وزرا کی وزیر اعلیٰ سے بیوروکریسی کے بغیرکابینہ کا اجلاس بلانے کی اپیل

ویب ڈیسک  پير 17 فروری 2014
پنجاب کابینہ نے انسداد تمباکو نوشی بل سمیت کئی مجوزہ قوانین کی بھی منظوری دی۔ فوٹو : فائل

پنجاب کابینہ نے انسداد تمباکو نوشی بل سمیت کئی مجوزہ قوانین کی بھی منظوری دی۔ فوٹو : فائل

لاہور: پنجاب کے صوبائی وزرا نے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے بیوروکریسی کے بغیرکابینہ کا اجلاس بلانے کی اپیل کردی۔  

لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی سربراہی میں صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں انسداد تمباکو نوشی بل، پنجاب سول سرونٹس ایکٹ 1974 میں ترامیم، پنجاب لائیواسٹاک بریڈنگ بل 2013، پنجاب انڈسٹریل ریلیشنز ایکٹ، پنجاب ایمپلائز ایفی شینسی ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی ایکٹ 2006، پنجاب مینٹل ہیلتھ ترمیمی ایکٹ 2012  اور ملتان میں نواز شريف يونيورسٹی آف انجيئرنگ اينڈ ٹيکنالوجی کے قيام کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے خصوصی افراد کے لئے صوبے بھر کی سرکاری ہاؤسنگ اسکیموں میں کوٹے کی بھی منظوری دے دی۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ مردہ اور حرام جانوروں کا گوشت کی فروخت روکنے کے لئے قانون سازی کی جائے گی جس کے تحت  گھناؤنے کاروبارمیں ملوث افراد کے خلاف ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری کئے جا سکیں گے۔

اجلاس کے دوران صوبائی وزرا کی جانب سے درخواست کی گئی کہ صوبائی کابینہ کا کم از کم ایک اجلاس افسران شاہی کے بغیر بلایا جائے جس میں وہ اپنے تحفظات اور مطالبات کو پیش کرسکیں جسے وزیر اعلیٰ نے منظور کرلیا اور یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی بیورو کریسی کے بغیر پنجاب کابینہ کا اجلاس بلایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔