ٹارگٹڈ آپریشن سے متعلق ایم کیو ایم کے خدشات کو دور کیا جانا چاہئے، گورنر سندھ

ویب ڈیسک  پير 17 فروری 2014
قانون نافذ کرنے والے ادارے مشکل حالات میں کام کررہے ہیں، ڈاکٹرعشرت العباد خان فوٹو: فائل

قانون نافذ کرنے والے ادارے مشکل حالات میں کام کررہے ہیں، ڈاکٹرعشرت العباد خان فوٹو: فائل

کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا ہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن پر ایم کیو ایم کے خدشات دور کئے جانے چاہیئں۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف کارروائی کے لئے بلند حوصلے چاہئیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے مشکل حالات میں کام کررہے ہیں، کچھ علاقوں میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ایک ہزار سی سی ٹی وی نصب کئے جارہے ہیں اور امید ہے امید ہے ان اقدامات سے جرائم میں مزید کمی آئے گی۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ جب سے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن شروع ہوا ہے تب سے جرائم پیشہ عناصر اسے ناکام بنانے کی کوششیں کررہے ہیں، ایم کیوایم کےکارکن لاپتا ہورہے ہیں اور ان کی لاشیں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ٹارگٹڈ آپریشن پر ایم کیوایم کو خدشات ہیں جنہیں دور کیا جانا چاہئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔