قومی ہاکی ٹیم کے ورلڈکپ اور اولمپکس میں کوالیفائی کیلئے حکمت عملی تیار

ذوالفقار بیگ  ہفتہ 5 فروری 2022
کوئی ایسی پالیسی ہونی چاہیے کہ صوبوں کا پیسہ قومی اسپورٹس پر خرچ ہوسکے، آصف باجوہ

کوئی ایسی پالیسی ہونی چاہیے کہ صوبوں کا پیسہ قومی اسپورٹس پر خرچ ہوسکے، آصف باجوہ

 اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف) نے قومی ہاکی ٹیم کی ورلڈکپ اور اولمپکس میں کوالیفائی کے لیے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ یہ سال ہاکی کے لیے بہت اہم ہے، ہم نے ورلڈ کپ اور اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنا ہے، ہاکی کے لیے بہترین کوچ ہائیر کر لیا ہے، لیکن اس کے فنڈز ابھی تک منظور نہیں ہوئے، ہاکی کوچ کے لیے دس ہزار یورو درکار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے آسٹریلیا سے بہترین فزیکل ٹرینر منگوایا ہے جس کی تنخواہ ساڑھے چار ہزار ڈالر ہے، حکومت سے درخواست ہے کہ وہ فنڈز جاری کریں۔

آصف باجوہ نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ ورلڈ کپ اور اولمپکس ہے، ہم دو بار سے اولمپکس اور ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکے اور اگر اس بار بھی ہم کامیاب نہ ہوئے تو اس کے ذمہ دار ہم نہیں حکومت ہوگی، حکومت کا فرض ہے کہ ہمیں فنڈ کریں کہ ہم ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کر سکیں، اس سال ہاکی ٹیم نے 7 غیر ملکی ٹور منٹ میں شرکت کرنی ہے، اس کے لیے 25 سے 30 کروڑ درکار ہیں۔

جنرل سیکریٹری پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ صرف سندھ حکومت ہمیں سال کا 10 کروڑ روپے دے رہی ہے اور صوبائی حکومت نے یہ رقم صرف سندھ کے لڑکوں پر خرچ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد اسپورٹس کا فنڈ صوبوں کے پاس ہے، کوئی ایسی پالیسی ہونی چاہیے کہ صوبوں کا پیسہ قومی اسپورٹس پر خرچ ہوسکے، وزیراعظم تمام صوبوں کو ہدایت کریں کہ پی ایچ ایف کو سالانہ گرانٹ جاری کریں، اس سال نومبر میں پی ایس ایل کی طرز پر ہاکی لیگ کروا رہے ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری نے یہ بھی کہا کہ بھارت ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے 1 کروڑ روپے کی ٹکٹ درکار تھے، وہ ہمیں نہیں ملے تھے، اگر ہم فنڈز کی کمی کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے بیک آوٹ کرتے ہیں تو ہم پر پابندی لگ جاتی ہے، ہم نے پرو لیگ میں شرکت نہیں کی تھی جس کی وجہ سے بھی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا، ہماری رینکنگ بھی گر گئی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سال ہم نے ہاکی کے لیے 35 میچز رکھے ہیں کوشش کر رہے ہیں کہ اولمپکس اور ورلڈ کپ کے لیے کولیفائی کریں، آئی پی سی کے احکامات کے بعد محکمانہ اسپورٹس ختم ہو گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔