پاکستان نے کمزور پاپو انیوگنی پر ہاتھ صاف کر لیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 18 فروری 2014
انڈر 19 ورلڈ کپ : بھارتی اسپنر کلدیپ کا بولنگ ایکشن، انھوں نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف ہیٹ ٹرک کی

انڈر 19 ورلڈ کپ : بھارتی اسپنر کلدیپ کا بولنگ ایکشن، انھوں نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف ہیٹ ٹرک کی

دبئی / ابو ظبی: انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست کے بعد پاکستان نے کمزور پاپوانیوگنی پر 145 رنز کی فتح سے ہاتھ صاف کر لیا، افغانستان نے تین مرتبہ کے چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دے کر حیران کر دیا، بھارت نے اسکاٹ لینڈ کو 5 وکٹ سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

اسپنر کلدیپ یادیو نے ہیٹ ٹرک بنائی، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بھارتی اور ایونٹ کی تاریخ کے دوسرے بولر بنے، نمیبیا کیخلاف فتح نے بنگلہ دیش کو بھی راؤنڈ 8 میں شرکت کا پروانہ دلا دیا۔ تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس نے حریف ٹیم کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 283 رنز اسکور بورڈ پر سجا دیے، امام الحق نے عمدہ پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 88 جبکہ کپتان سمیع اسلم نے 62 کی اننگز کھیلیں، کیبویا موریا نے 3 جبکہ ایلی ناؤ اور ریلی ہیکیور نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں، ظفر گوہر کی تباہ کن بولنگ کے سامنے حریف ٹیم 29.2 اوورز میں 138 پر ڈھیر ہوگئی۔

لیفٹ آرم اسپنر نے 35 رنز کے عوض 4 پلیئرز کو آؤٹ کیا، ضیاالحق نے 26 رنز دیکر 2 پلیئرز کو قابو کیا، امام الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ گروپ ’اے‘ کے دوسرے مقابلے میں بھارت نے اسکاٹ لینڈ کو 5 وکٹ سے مات دی، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنیوالی اسکاٹش ٹیم 29.4 اوورز میں 88 رنز پر رخصت ہو گئی، اینڈریو یومیڈ 44 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کرپائے، لیفٹ آرم اسپنر کلدیپ یادیو نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیتے ہوئے 4 وکٹیں لیں، بھارتی ٹیم نے آسان ہدف تک رسائی میں بھی پانچ وکٹیں گنوادیں، سرفراز خان 45 اور دیپک ہودا 24 پر ناٹ آؤٹ رہے، چیناک گوسین نے 3 پلیئرز کوپویلین چلتا کیا۔ گروپ ’بی‘ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دیکر ایونٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کردیا، تین مرتبہ کی چیمپئن اور 2012 کی فائنلسٹ سائیڈ سے فتح کیلیے درکار 254 رنز نہیں بن پائے، پوری ٹیم 48 اوورز میں217 پر ہمت ہارگئی۔ بنگلہ دیش نے نمیبیا کو 52 رنز سے ٹھکانے لگا کر راؤنڈ 8 میں رسائی حاصل کرلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔