بنگلہ دیش نے ایک بار پھرفتح کو لات مار کر بھگا دیا

اے ایف پی  منگل 18 فروری 2014
کیچزچھوڑکر سری لنکا کو باعزت اسکور بنانے کا موقع دیا، بیٹنگ لائن اچانک ناکام .
فوٹو: اے ایف پی/فائل

کیچزچھوڑکر سری لنکا کو باعزت اسکور بنانے کا موقع دیا، بیٹنگ لائن اچانک ناکام . فوٹو: اے ایف پی/فائل

ڈھاکا: بنگلہ دیش نے ایک بار پھر فتح کو لات مار کر بھگا دیا۔

سری لنکا کیخلاف مسلسل تیسرے میچ میں جیتی ہوئی بازی گنوائی،67رنز پر 8 وکٹیں گنوانے والی مہمان سائیڈ نے180کا مجموعہ پایا، تشارا پریرا نے تین چانسز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 80 رنز کی اننگز کھیلی، ایک موقع پر 2 وکٹ پر 114رنز بنانے والی میزبان سائیڈ نے آخری 8 وکٹیں 53 رنز کے دوران گنوا دیں، یوں13 رنز کی شکست مقدر ٹھہری۔ تفصیلات کے مطابق بارش کی وجہ سے میچ 43 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا، بنگال ٹائیگرز کو میچ جیتنے کے کئی مواقع ملے مگراس نے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا، پہلے سری لنکا کے 22 اوورز میں 67 رنز پر 8 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تو خود کو فاتح سمجھنا شروع کردیا،ٹیم نے اسی خوش فہمی میں سہل پسند کا مظاہرہ کیا جو انتہائی نقصان دہ ثابت ہوا۔

تشارا پریرا کے 7، 30 اور 78 رنز پر کیچز ڈراپ کیے گئے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انھوں نے 57 بالز پر 80 رنز اسکور کرکے اپنی ٹیم کے ٹوٹل کو180 تک پہنچایا۔ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈ سنبھالنے والی بنگلہ دیشی ٹیم کے ہاتھوں سے ابھی مقابلہ نہیں نکلا تھا، شمس الرحمان نے 49 بالز پر 62 اور مومن الحق نے 44 رنز بناکر اسکور کو 2 وکٹ پر 114 رنز تک پہنچایا، مگر پھر یکدم بنگلہ دیشی بیٹنگ پر خزاں کا موسم طاری ہوگیا اور دھڑا دھڑ وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں، آخری 8 کھلاڑی صرف 53 رنز اضافے کے دوران پویلین لوٹ گئے ، ان میں سے صرف مشفیق الرحیم نے 27 رنز بنائے، باقی کوئی بھی ڈبل فیگر تک بھی نہیں پہنچ پایا، یوں پوری میزبان ٹیم 40 اوورز میں 167 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ کپتان انجیلو میتھیوز نے 3 جبکہ سچترا سینانائیکے نے2 وکٹیں لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔