آسٹریلیا کو بنگلہ دیشی سیکیورٹی پر نئے خدشات لاحق

اسپورٹس ڈیسک  منگل 18 فروری 2014
حکومت نے بھی شہریوں کو ورلڈ ٹی20میزبان ملک کے سفر سے باز رہنے کا مشورہ دیدیا.
 فوٹو: فائل

حکومت نے بھی شہریوں کو ورلڈ ٹی20میزبان ملک کے سفر سے باز رہنے کا مشورہ دیدیا. فوٹو: فائل

سڈنی: کرکٹ آسٹریلیا کو بنگلہ دیشی سیکیورٹی پر نئے خدشات لاحق ہوگئے۔

حکومت نے بھی اپنے شہریوں کو ورلڈ ٹوئنٹی 20میزبان ملک کے سفر سے باز رہنے کا مشورہ دے دیا، بورڈ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، آئی سی سی کی مشاورت سے ہی ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی سیکیورٹی صورتحال گذشتہ کچھ عرصے سے خراب اور خاص طور پر یہاں سیاسی کشیدگی پائی جاتی ہے، اپوزیشن جماعتیں انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کے بعد مظاہرے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اگرچہ وہاں پر ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے انعقاد کی کلیئرنس دیدی گئی مگر اب کرکٹ آسٹریلیا کو وہاں کے حوالے سے نئے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے کہاکہ ٹیم اور معاون اسٹاف کی سلامتی ہمیں ہر چیز پر مقدم ہے اور رہے گی، ہم ٹورنامنٹ کو لاحق خطرات اوراس سے نمٹنے کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کے سلسلے میں آئی سی سی سے رابطے میں ہیں، اس کے ساتھ ہم آسٹریلیا کے ڈپارٹمنٹ برائے خارجہ امور سے مشاورت بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ خارجہ ڈپارٹمنٹ پہلے ہی بنگلہ دیش کی خراب صورتحال پر اپنے شہریوں کو وہاں جانے کے اپنے پلان پر نظرثانی کا مشورہ دے چکا ہے۔ شروع سے ہی ایونٹ سری لنکا منتقل ہونے کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم کو ایونٹ کے دوران اپنے تمام میچز ڈھاکا میں ہی کھیلنا ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔