سینیٹ کمیٹی انسانی حقوق،خضدار میں اجتماعی قبروں کی تحقیقات، کاپتہ افراد پر عوامی سماعت کا اعلان

نمائندہ ایکسپریس / این این آئی  منگل 18 فروری 2014
متحدہ نے لاپتہ کارکنوںکی فہرست پیش کردی،کمیٹی کاماورائے عدالت قتل پراظہارتشویش،تحقیقات کے لیے کراچی جانے کافیصلہ فوٹو: فائل

متحدہ نے لاپتہ کارکنوںکی فہرست پیش کردی،کمیٹی کاماورائے عدالت قتل پراظہارتشویش،تحقیقات کے لیے کراچی جانے کافیصلہ فوٹو: فائل

اسلام آ باد: سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے خضدارمیں اجتماعی قبروں پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اورمعاملے کی تحقیقات کیے لیے فرحت ا للہ بابرکی سربراہی میں 3 رکنی ذیلی کمیٹی قائم کردی ہے۔

کراچی آپریشن میں ماورائے عدالت قتل پربھی تشویش کااظہاراورسیکریٹری داخلہ سندھ کی اجلاس میں عدم شرکت پربھی برہمی کااظہارکیاگیا۔کمیٹی نے لاپتہ افراد کے ورثا کااسلام آبادمیں بھرپور استقبال اوراس معاملے کی عوامی سماعت کا بھی فیصلہ کیا۔فنکشنل کمیٹی کااجلاس افراسیاب خٹک کی زیرصدارت منعقدہوا۔اجلاس میں اراکین کمیٹی و دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی اجلاس میں خضدار میں ملنے والی اجتماعی قبروں کراچی آپریشن و دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا۔چیئرمین کمیٹی افراسیاب خٹک نے کہاکہ خضدارمیں ایک قبر سے اجتماعی لاشوں کا ملنا اورکراچی میں ماورائے عدالت قتل قانون شکنی ہے،شہریوں کے خلاف ریاستی اداروں کی غیر قانونی کارروائی پرمتعلقہ ریاست کے خلاف بین الااقومی قوانین کے تحت کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔اس موقع پرفرحت اللہ بابر نے ایک رپورٹ کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ملنے والی لاشیں 80کے قریب ہیں۔کمیٹی نے بلوچستان کے لاپتہ افرادکے لانگ مارچ کواسلام آبادمیں خوش آمدیدکہنے کافیصلہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کاشانداراستقبال کیاجائے گا اورلاپتہ افراد کے معاملے پرعوامی سماعت کریں گے۔

کمیٹی نے فیصلہ کیاکہ کراچی آپریشن میں ہونے والی ہلاکتوں اورلاپتہ افرادکی تحقیقات کے لیے کمیٹی کراچی جائے گی اورمعاملے پروزیر اعلی سندھ سے ملاقات کرے گی اورڈی جی رینجرز،سیکریٹری داخلہ سندھ اورانٹیلی جنس اداروں کوبھی بلائیں گے ۔اس موقع پررکن نسرین جلیل نے کہاکہ لگتاہے کہ کراچی آپریشن صرف ایم کیوایم کے کارکنوں کیخلاف ہورہاہے انھوں نے کمیٹی کواپنے لاپتہ اورماورائے عدالت قتل کیے جانے والے کارکنوں کی فہرست پیش کردی ۔این این آئی کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خصوصی انسانی حقوق نے یوٹیوب بندش کیخلاف قراردادلانے کافیصلہ کیاہے۔چیئرمین پی ٹی اے نے اجلاس کوبریفنگ دی،جس پرمشاہدحسین سید نے کہاکہ صارفین کی یو ٹیوب تک رسائی نہ ہونا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،کمیٹی نے یوٹیوب کھولنے سے متعلق قراردادسینیٹ میں لانے کافیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔