- فلوریڈا: ڈونلڈ ٹرمپ کے قریب ایک بار پھر فائرنگ، سابق امریکی صدر محفوظ رہے
- مولانا فضل الرحمان نے ہمیں سپورٹ نہیں کیا، خواجہ آصف
- کورنگی میں دو سیاسی جماعتوں کے درمیان مسلح تصادم، تین افراد زخمی ہوگئے
- الیکشن کمیشن کا اجلاس طلب، سپریم کورٹ کی وضاحت کا جائزہ لیا جائے گا
- آئینی ترامیم: قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل ساڑھے 12 بجے تک ملتوی
- آئینی ترامیم معاملہ: وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی ملتوی
- پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان
- لانڈھی میں گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی، لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر
- ہمارے دو سینٹرز کو مسلسل ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے، قائم مقام صدر بی این پی مینگل
- پشاور میں ریگی ماڈل ٹاؤن پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ
- اے این پی نے آئینی ترمیم کی حمایت کا عندیہ دے دیا
- خصوصی کمیٹی اجلاس بے نتیجہ ختم، حکومت کا اپوزیشن کے ساتھ ڈیڈلاک برقرار
- منگولیا اسنوکر ورلڈ کپ: اسجد اقبال اور اویس منیر پری کوارٹر راؤنڈ میں پہنچ گئے
- آئینی ترامیم؛ قومی اسمبلی کے اندر پی ٹی وی پر بھی پابندی عائد
- لاہور میں نوجوان کو اغوا کر کے تشدد کرنے والے دو ملزمان گرفتار
- چیمپئنز ون ڈے کپ: مارخورز نے اسٹالینز کو 126 رنز سے شکست دیدی
- سیاسی و آئینی معاملات پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کیلئے سینیٹ کے 13 ارکان نامزد
- کسٹمز انٹیلی جنس کراچی؛ دو ہفتوں میں 37کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیا ضبط
- حکومت کو بتادیا جلدی کیا ہے بل کو مؤخر کردیں، مولانا عبدالغفور حیدری
- لاہور؛ مغل پورہ سے اشتہاری ریکارڈ یافتہ ملزم گرفتار
دُعا و مناجات
عزیزو! دُعا کیا مانگنی چاہیے۔۔۔ ؟
حضرت امام سیّدِ سجاد رضی اﷲ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں: ’’اگر عزت چاہتے ہو تو اُس (اﷲ) کی اطاعت اُس سے مانگو۔‘‘
’’عزیز وہ ہے جسے تیری عبادت عزت عطا کرے۔‘‘
بُزرگوں کی دُعاؤں میں ہمیں یہ کلماتِ حمیدہ ملتے ہیں، جو ہماری راہ نمائی کے لیے کافی ہیں: ’’کوئی عزت اطاعتِ الٰہی سے بڑھ کر نہیں ہے۔ یااﷲ! اِتنی عمر دے جو تیری اطاعت میں گزرے۔ اگر میری زندگی شیطان کی خدمت میں لگ جائے تو میری رُوح قبض کرلے۔‘‘
دُعا اور مناجات میں فرق کیا ہے؟
دُعا پکارنے کو کہتے ہیں، مناجات نجویٰ سے ہے۔ جب ہم اپنے ربّ سے دُور ہوں تو دُعا کا مفہوم ہوتا ہے اور جب ہم اُس سے قریب ہوں تو مناجات کا مفہوم ہوتا ہے۔
حضرت علی مرتضیٰ کرم اﷲ وجہہٗ کی مختصر ترین، جامع ترین دُعا سے استفادہ فرمائیں، جس کا پہلا حصّہ حمد ہے اور دوسرا حصّہ دُعا ہے۔
آپ ؓ فرماتے ہیں: ’’پروردگار! میری عزت کے لیے یہی کافی ہے کہ میں تیرا بندہ ہوں اور تُو میرا پروردگار ہے۔ تُو ویسا ہی ہے جیسا میں چاہتا ہوں، تُو مجھے ایسا بنا دے جیسا تُو چاہتا ہے ۔‘‘ حضرت علی کرم اﷲ وجہہٗ نے مانگنے کا معیار بلند کردیا۔ ہم تو خود اپنی حدیں معیّن کرلیتے ہیں، پھر کہتے ہیں، میری یہ حاجَت پوری کردے۔ جتنے پست ہم ہیں، اُتنی پست ہماری نگاہ، اُتنی ہی پست ہماری حاجَت ہے۔
اہداف و مقاصد ہی پست ہیں، اب جب اﷲ دُعا قبول نہیں کرتا کہ ہم پست و حقیر چیز مانگ رہے ہیں، تو پریشان ہوتے ہیں۔ دُعا کا تقاضا یہ ہے کہ اپنی منزل کو معیّن نہ کرو، بل کہ اُسے اﷲ کے سپرد کردو: ’’ تُو ایسا بنادے جیسا تُو چاہتا ہے۔‘‘
سبحان اﷲ! حضرت علی کرم اﷲ وجہہٗ نے عمدہ ترین ضابطۂ حیات عطا فرما دیا ہے۔
امام سیّدِ سجاد ؓ فرماتے ہیں: ہدایت وہ ہے جس میں لذّت حاصل ہوتی ہو۔ خلاصۂ زندگی یہ ہے کہ انسان لذّت ہدایت میں اور عزت اطاعتِ الہٰی میں حاصل کرے۔’’ہمیں سیدھے راستے کی ہدایت فرماتا رہ ۔‘‘ سب سے اچھی دُعا ہے۔
اطاعت اور عبادت خود بہت بڑا سبب ہے استجابتِ دُعا کے لیے۔
عزیزانِ گرامی ! دُنیا میں بہت سے لوگ دیکھنے میں آتے ہیں جو اپنا نام سنہرے حروف سے لکھوا گئے اور آج اُن کی یادگاریں قائم ہیں، اور کتنے ہی ہیں جو زندگی گزار گئے، نہ اُنہیں ہم جانتے ہیں اور نہ ہی اُن کے علاقے والے اُنہیں یاد کرتے ہیں۔
آج ہم اپنے اِس مضمون میںآپ کو کام یابی کے تین اہم ترین راز بھی بتا رہے ہیں۔ اُمید ہے حسبِ معمول توجّہ فرمائیں گے۔
(1) ذوق و شوق:
انسان کسی ایسے کام کو اپنائے، جو اُس کے ذوقِ رُوحی اور شوقِ فکری کے مطابق ہو۔ اﷲ نے سب کو ایک جیسا نہیں بنایا، ایک سی صلاحیت نہیں دی، لوگوں کی ناکامی کا سبب دیکھا دیکھی اور جذباتیت ہے، جلد بازی ہے۔ اُصول یہ ہے کہ ذوق سے ہم آہنگ کام تلاش کیا جائے، ہر دماغ میں ہیجان ہے، خوش قسمت ہیں وہ، جو اپنے ذوق کو دریافت کرلیتے ہیں۔
جیمز واٹ کئی مشینوں کا موجد، بھاپ کی طاقت کو دریافت کرنے والا پہلا شخص ہے۔ وہ بچپن سے تجربات کا دِلدادہ تھا۔ ڈاروِن کو بچپن سے جانور پالنے کا شوق تھا۔ اُس نے انواع و اقسام کے جانور پالے، وہ جانوروں کی افزائشِ نسل، تغیر و تبدّل پر تحقیق کرنے لگا۔ اپنی استعداد کی دریافت انسان کے لیے اشد ضروری اور لازمی ہے۔ تمہارا دشمن تمہارے اندر کا خوف ہے، اِس سے لازماً نجات حاصل کرنا ہوگی۔
(2) جہدِ مسلسل:
ہر باصلاحیت انسان جانتا ہے کہ اُس کی حیات کی بقاء کام اور کوشش کی رہینِ منّت ہے۔ بعض لوگ اِس وجہ سے ناکام ہوتے ہیں کہ وہ ہمّت ہار جاتے ہیں۔ مختلف چھوٹے چھوٹے اداروں کی طرف نوجوانوں کا ہجوم اِس بات کی طرف اشارہ ہے کہ انہیں بڑے کام کرنے کا شوق ختم ہوگیا۔ وقت پھر لوٹ کر نہیں آتا۔
حضرت علی کرم اﷲ وجہہٗ فرماتے ہیں: ’’گزشتہ کی فکر آج کو ضائع کردیتی ہے۔‘‘
جتنے بڑے سائنس دان ہیں، وہ اپنا چَین و سکون چھوڑ کر، کھو کر اِس مقام تک پہنچے ہیں۔
ایڈیسن سولہ گھنٹے کام کرتا تھا اور اپنے کام کی کرسی پر سو جاتا تھا۔ ابنِ سینا دن میں حکومتی کام میں مصروف رہتے، رات کو تحقیق اور تالیف کا کام کرتے تھے۔ چالیس موضوعات پر ایک سو تیس جلدیں لکھیں۔ صاحبِ المعجم البلدان ایک غلام تھا، مالک مالِ تجارت دے کر روانہ کرتا، یہ وہاں کے حالات و واقعات کو لکھ لیا کرتا تھا۔ آج اُس کی ایک مفصّل اور مکمل کتاب موجود ہے۔ مشہور سائنس دان نیوٹن نے اپنی کتاب کئی مرتبہ لکھی تاکہ غلطی نہ رہے۔ ابنِ سینا طب کا مطالعہ شوق میں کرتے تھے، پھر شب و روز کی اَن تھک محنت کے نتیجے میں طب کی دُنیا میں اُن کا نام مہارت کا استعارہ بن گیا۔ سولہ سال کی عمر میں طبیب اور فقیہ ہوچکے تھے۔ دو سو اڑتیس کتابیں لکھیں۔
ابو ریحان البیرونی سال میں دو دن چھٹی کرتے تھے۔ مرنے لگے تو ایک فقیہ عیادت کے لیے اُن کے سرہانے آئے، وہ اُن سے عورتوں کے مخصوص مسائل دریافت کرنے لگے۔ فقیہ نے کہا: ’’یہ مسائل آپ سے مربوط نہیں ہیں، اِنہیں پوچھ کر آپ کیا کریں گے؟ ‘‘ ابو ریحان البیرونی نے کہا: ’’جان کر مروں، بہتر ہے یا جاہل مروں بہتر ہے!‘‘
محمد بن زکریا رازی کثرتِ مطالعہ سے نابینا ہوگئے تھے، دُوسروں سے پڑھواتے اور دُوسروں سے لکھواتے تھے۔
حضرت نوح علیہ السلام دو ہزار پانچ سو سال زندہ رہے۔ شیخ الانبیاء لقب ہے، مگر کبھی اِس دُنیا سے دل نہیں باندھا بل کہ اِسے مسافرت جانا۔ عزرائیل ؑ رُوح قبض کرنے آئے تو فرمایا: ’’اِنسان دُھوپ سے سائے میں آجائے ، بس اِتنی ہی زندگی ہے ۔‘‘
(3) مقصد پر ایمان:
1400سال پہلے بدر کے میدان میں313 مسلمان تھے اور ایک ہزار سے زیادہ مشرکین تھے، لیکن مسلمان جیت گئے۔ مقصد پر ایمان تھا۔ قیصرِ روم کے دربار میں حذیفہؓ نے جب اسلام کی حقانیت کا اعلان کیا تو قیصرِ روم کے فوجی نے اُنہیں اُبلتے ہوئے تیل میں ڈال دیا، گوشت علاحدہ ہونے لگا تو رونے لگے، کسی نے کہا: ’’کیوں رو رہے ہو؟‘‘ بولے: ’’میرے پاس ایک جان ہے جو اسلام پر فدا ہورہی ہے، اگر میرے بالوں کے برابر جانیں ہوتیں تو بھی قربان کردیتا۔‘‘
اﷲ تبارک و تعالیٰ ہمیں اپنے پیارے بندوں کے طفیل ایسے صاحبِ کردار، عظیم القدر اور لائقِ پیروی انسانوں کے نقشِ قدم پہ چلنے کی توفیق اور سعادت کرامت فرمائے۔ آمین
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔