حکومت دہشتگردی پر قابو پانے کیلیے کوشاں ہے،قائم علی شاہ

نمائندگان ایکسپریس  منگل 18 فروری 2014
پولیس آپریشن آخری دہشتگرد کی گرفتاری تک جاری رہے گا،وزیراعلیٰ سندھ۔ فوٹو: فائل

پولیس آپریشن آخری دہشتگرد کی گرفتاری تک جاری رہے گا،وزیراعلیٰ سندھ۔ فوٹو: فائل

سکھر / خیر پور / کوٹ ڈیجی: وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہے، جس علاقے میں دہشت گردی کے واقعے ہونگے وہاں کے ضلعی افسران سے وضاحت طلب کی جائیگی۔حکومت سندھ صوبے میں تعلیم کی ترویج اور مثبت بہتری کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے خیرپور کے قریب کھوڑہ گوٹھ میں اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ 155 ملین ڈالرز کی خطیر رقم سے یو ایس ایڈ اور SBEP تعاون سے سندھ میں 120 اسکولوں کی تعمیرکی جائے گی۔ اس موقع پر امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہاکہ امریکا پاکستانی نظام تعلیم کو جدید خطوط پراستوار کرنا چاہتاہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سکھر ایئرپورٹ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسافر ٹرین خوشحال خان خٹک پر حملے کی ذمے داری بی ایل اے نے قبول کرلی ہے۔

بے قصور افراد کو نشانہ بنانا دہشتگردی ہے۔ انھوں نے کہاکہ کراچی میں جاری آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، پولیس آپریشن آخری دہشتگرد کی گرفتاری تک جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے پہلی بار شاہ عبد اللطیف یونیورسٹی خیرپور کا دورہ کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے ان کا خیرمقدم کیا۔ ڈاکٹر پروین شاہ نے بتایا کہ آئندہ ماہ امریکہ کی مسی سپی یونیورسٹی کے ساتھ تعلیمی معاہدے پردستخط ہوں گے۔ دریں اثنا امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کوٹ ڈیجی قلعے کا بھی دورہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔