بزنس لون اسکیم، درخواستوں کی جانچ رواں ماہ مکمل کرنے کی ہدایت

بزنس رپورٹر  بدھ 19 فروری 2014
کوٹے سے کم درخواستیں اہل ہونے کی صورت میں باقی رہنے والی تعداد اگلی سہ ماہی کے کوٹے میں شامل کر دی جائے گی.  فوٹو: پی آئی ڈی/فائل

کوٹے سے کم درخواستیں اہل ہونے کی صورت میں باقی رہنے والی تعداد اگلی سہ ماہی کے کوٹے میں شامل کر دی جائے گی. فوٹو: پی آئی ڈی/فائل

کراچی: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم یوتھ بزنس لون اسکیم کی درخواستوں کی جانچ پڑتال رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

گزشتہ روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں وزیر اعظم یوتھ لون اسکیم سے متعلق بریفنگ کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ یوتھ لون اسکیم کے تحت کسی بھی صوبے کے لیے مقرر کردہ کوٹہ کسی دوسرے کوٹے کو منتقل نہیں کیا جائے گا بلکہ کوٹے سے کم درخواستیں اہل ہونے کی صورت میں باقی رہنے والی تعداد اگلی سہ ماہی کے کوٹے میں شامل کر دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے درخواستوں کے جائزے اور جانچ پڑتال کا عمل تیز کرنے اور رواں ماہ کے اختتام تک درخواستوں پر غور کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو جانچ شدہ درخواستوں اور اصول و قواعد پر پوری نہ اترنے پر مسترد ہونے والی درخواستوں کی تعداد سے آگاہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے خواتین کی درخواستوں کی تعداد پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے خواتین کے لیے مقرر کردہ 50فیصد کوٹے سے کم قرار دیتے ہوئے کوٹے کی تکمیل کے لیے خواتین کی درخواستوں پر نظرثانی کی ہدایت کی۔ دریں اثنا وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے منگل کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی میں ایچ ایس بی سی بینک کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی ایچ ایس بی سی گروپ کے چیئرمین Shrard Couper Coles کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پالیسیاں پاکستان کیلیے معاشی استحکام کا باعث بنیں گی، ایچ ایس بی سی گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھائے گا اور باہمی مشاورت سے فنانشل سیکٹر کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔