نیوکراچی میں فائرنگ سے شہید پولیس افسر سپردخاک

اسٹاف رپورٹر  بدھ 19 فروری 2014
 فائرنگ سے جاں بحق سب انسپکٹر آفتاب قیوم کی میت کو آخری آرام گاہ کی جانب لے جایاجارہاہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

فائرنگ سے جاں بحق سب انسپکٹر آفتاب قیوم کی میت کو آخری آرام گاہ کی جانب لے جایاجارہاہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: نیو کراچی میں گزشتہ روز دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بننے والے پولیس افسر کو اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ،شہید کو اپنے ہی تھانے کی حدود میں دہشت گردوں نے قتل کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق نیو کراچی میں فائرنگ سے شہید کیے جانے والے سب انسپکٹر آفتاب قیوم کو محمد شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، پیر کو نیو کراچی تھانے کی حدود میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید کیے جانے والے فارنسک ڈویژن سندھ کے سب انسپکٹر آفتاب قیوم کی نماز جنازہ گزشتہ روز بعد نماز ظہر پولیس ہیڈ کوارٹرز گارڈن میں ادا کی گئی ۔

نماز جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی اقبال محمود، ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات ، ڈی آئی جی سائوتھ عبدالخالق شیخ ، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی عارف حنیف سمیت سینئر پولیس افسران کے علاوہ شہید کے ورثا اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، نماز جنازہ کے بعد پولیس کے خصوصی دستے نے شہید پولیس افسر کو سلام پیش کیا بعدازاں شہید کی میت کو محمد شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔