واجبات کی ادائیگی: کرکٹ بورڈ نے جیو سپر کی بینک گارنٹی کیش کرالی

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 19 فروری 2014
معاہدوں پر تبصرہ نہیں کرتے (کرکٹ بورڈ) کوئی رقم واجب الادا نہیں، چینل چیف۔ فوٹو: فائل

معاہدوں پر تبصرہ نہیں کرتے (کرکٹ بورڈ) کوئی رقم واجب الادا نہیں، چینل چیف۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی سی بی نے واجبات کی ادائیگی کیلیے جیوسپرکی بینک گارنٹی کیش کرالی، سری لنکاکیخلاف یواے ای میں سیریزکے نشریاتی حقوق کا حامل چینل بار بار کی یاددہانیوں کے باوجود18لاکھ ڈالر کی قسط جمع نہیں کراسکا تھا۔

کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے اس حوالے سے کہاکہ ہم اپنے پارٹنرز کے ساتھ معاہدوں کی تفصیلات اور مالی معاملات پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے، دوسری جانب چینل کے سربراہ محمد علی نے کہا کہ ہم پرکرکٹ بورڈکی کوئی رقم واجب الادا نہیں رہی، بینک گارنٹی کیش کرانے سے حساب کلیئر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے عبوری دور میں اعتراض اٹھایا جاتا رہاکہ جیو چینل سے وابستہ ہونے کی وجہ سے ان کا عہدہ باہمی مفادات کو تحفظ دینے کا ذریعہ بن سکتا ہے، اس کے باوجود سری لنکا کیخلاف یو اے ای میں شیڈول سیریز کے نشریاتی حقوق جیو سپر کو دینے کا فیصلہ کیا گیا،ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق میڈیا رائٹس کے واجبات بر وقت ادا نہ کیے جانے پر پی سی بی کی طرف سے جیوکو کئی بار یاد دہانی کے خطوط لکھے گئے لیکن کوئی پیش رفت نہ ہو سکی، ایسے میں بورڈ نے بینک گارنٹی کیش کراکے اپنے18لاکھ ڈالر وصول کرلیے۔

اس حوالے سے بات کرنے کیلیے جب بورڈ کے ترجمان سے رابطہ کیاگیا تو ان کاکہنا تھا کہ اپنے پارٹنرزکے ساتھ معاہدوں کی تفصیلات اور مالی معاملات پر ہم کوئی تبصرہ نہیں کرتے۔ دوسری جانب جیو سپرکے سربراہ محمد علی نے رابطہ کرنے پرکہا کہ ہم نے پاک سری لنکا سیریز کے میڈیا رائٹس کی مکمل رقم ادا کردی جس کے بعد ہمارے ڈیفالٹر ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت میں انھوں نے کہاکہ کسی بھی سیریزکو طے کرنے سے پہلے بینک گارنٹی دینا ضروری ہوتی ہے، ہم نے بھی ایسا ہی کیا جس سے کرکٹ بورڈ نے اپنی رقم حاصل کرلی، اب تمام حسابات کلیئر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔