دفاعی چیمپین ہیں ایشیا کپ کیلئے اعتماد کیساتھ جا رہے ہیں، محمد حفیظ

ویب ڈیسک  بدھ 19 فروری 2014
محمد عرفان ایک بہت اچھا بالر ہے لیکن بدقسمتی سے وہ فٹنس مسائل کا شکار ہے، محمد حفیظ۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

محمد عرفان ایک بہت اچھا بالر ہے لیکن بدقسمتی سے وہ فٹنس مسائل کا شکار ہے، محمد حفیظ۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں تمام ٹیمیں اچھی ہیں کسی بھی ٹیم کو ہاٹ فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں تمام ٹیمیں اچھی ہیں، کسی بھی ٹیم کو آسان حریف نہیں لیں گے، ایشیا کپ کی تیاری کے لئے بھرپور موقع ہے، ٹورنامنٹ کے لئے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، ایشیا کپ میں اعتماد سے جا رہے ہیں کیوں کہ ہم دفاعی چیمپین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا سلیکٹرز کا کام ہوتا ہے اور ایشیا کپ کے لئے بہترین ٹیم منتخب کی گئی ہے، کامران اکمل اور شعیب ملک کو ان کے تجربے اور پرکارکردگی کی بنیاد پر میگا ایونٹ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ کیمپ میں موجود کھلاڑی ایشین ڈان بریڈ مین ظہیر عباس کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کے لئے بھی پاکستان کی ٹیم ایک بہترین ٹیم ہے، پاکستان کے پاس سعید اجمل، شاہد آفریدی، ذوالفقار بابر، عمر گل کے ساتھ ساتھ جنید خان، بلاول بھٹی اور محمد طلحہ جیسے نوجوان بالر موجود ہیں۔

قومی ٹیم کے نائب کپتان کا کہنا تھا کہ محمد عرفان ایک بہت اچھا بالر ہے لیکن بدقسمتی سے وہ فٹنس مسائل کا شکار ہے، فٹنس مسائل کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ ہو سکتے ہیں، ٹی ٹوئنٹی میں محمد عرفان کے پہلے 2 اوور مخالف ٹیم پر دباؤ بڑھانے کے لئے بہت اہم ہوتے ہیں ان کی کمی کو محسوس کیا جائے گا، امید ہے کہ محمد عرفان جلد صحت یاب ہو کر ٹیم میں واپس آئے گا۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم گزشتہ 5 سالوں سے نیوٹرل میدانوں پر کھیلتی آرہی ہے اس کے باوجود ٹیم کی پرفارمنس بہت اچھی ہے، ایشیا کپ میں تمام ٹیمیں ایشیا کی ہیں اور بنگلہ دیش کی وکٹیں پاکستان سے زیادہ مختلف نہیں ہیں، ٹورنامنٹ میں بہترین پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔