امریکا پاکستان کے تحفظات دورکرنے کی ہرممکن کوشش کرے گا، امریکی سفیر

ویب ڈیسک  بدھ 19 فروری 2014
رواں سال کے آخر میں نیٹو افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد پاکستان کا خطے میں اہم کردار ہوگا، رچرڈ اولسن فوٹو:فائل

رواں سال کے آخر میں نیٹو افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد پاکستان کا خطے میں اہم کردار ہوگا، رچرڈ اولسن فوٹو:فائل

اسلام آباد: امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے تحفظات دورکرنے کی ہرممکن کوشش کرے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ملاقات کی جس میں  چوہدری نثارعلی نے رچرڈ اولسن پر واضح کیا کہ پاک امریکا تعلقات میں شفافیت انتہائی ضروری ہے اور پاکستانیوں کے لئے اپنے مفادات کا تحفظ بھی نہایت مقدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ  تمام شعبوں میں تعلقات اچھے  ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

اس موقع پر امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ رواں سال کے آخر میں نیٹو افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد پاکستان کا خطے میں اہم کردار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا تمام معاملات میں پاکستان کے تحفظات دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔