اسلام قبول کرنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، ہنس راج ہنس

شوبز رپورٹر  جمعرات 20 فروری 2014
بزرگان دین کا عقیدت مند ہوں، مذاق کو اس انداز سے پیش کرنے پر پریشانی ہوئی۔
فوٹو:فائل

بزرگان دین کا عقیدت مند ہوں، مذاق کو اس انداز سے پیش کرنے پر پریشانی ہوئی۔ فوٹو:فائل

لاہور: بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکارہنس راج ہنس پاکستان میں تین روزقیام کرنے کے بعد واہگہ بارڈرکے راستے بھارت روانہ ہوگئے۔

لاہورمیں قیام کے دوران ہنس راج ہنس نے جہاں  ایک شومیں اپنی پرفارمنس کامظاہرہ کیا وہیں مختلف تقریبات میں بھی شرکت کی۔ روانگی سے قبل ’’نمائندہ ایکسپریس‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے ہنس راج ہنس کاکہنا تھا کہ پاکستان میں مزید قیام کرنا چاہتا تھا لیکن بھارت میں کچھ ضروری کام کی وجہ سے مجھے اچانک واپس جانا پڑ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک صحافی نے مذاق میں کی گئی بات کواس انداز سے پیش کیا کہ جس کی وجہ سے خاصی پریشانی ہوئی۔ اگروہ ذمے داری کا مظاہرہ کرتے توشاید یہ مذاق خبرنہ بنتا۔ میں بزرگان دین کوماننے والا ہوں اورمیں اس کا متعدد بار زکربھی کر چکا ہوں ۔ میرے پاکستان آنے کا مقصد صرف یہاں پروگراموں میں پرفارم کرنا ہی نہیں ہے۔ کیونکہ میں بھارت ہی نہیں بلکہ دنیا کے بیشترممالک میں پرفارم کرنے کے لیے جاتا رہتاہوں اوروہاں پرفارم کرنے کے لیے مجھے اچھا معاوضہ بھی دیا جاتاہے۔ لیکن پاکستان سے میری عقیدت کی دوبڑی وجوہات ہیں۔

ا یک توبزرگان دین کی درگاہیں اوردوسرا موسیقی کے مہان اساتذہ کا یہاں ہونا۔ اس مرتبہ بھی میری ملاقات بہت سے لوگوں سے ہوئی اوربہت اچھا لگا۔ انھوں نے کہا کہ میں صوفیاء کرام کا ماننے والا ہوں اور انھوں نے ہمیشہ انسانیت کا پیغام دیا ہے اس لیے میں بھی اپنی گفتگوکے ذریعے امن، دوستی اوربھائی چارے کا پیغام دیتا ہوں لیکن اس کوکوئی اوررنگ دینا درست نہیں ہے۔ میں  گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان آرہا ہوں اورمیڈیا سے وابستہ بہت سے لوگ اب میرے قریبی دوست ہیں۔ مگرآج تک کوئی من گھڑت اوربے بنیاد خبر سامنے نہیں آئی ہے۔   میں مذہب اسلام کی بہت عزت کرتا ہوں لیکن میرے حوالے سے سامنے آنیوالی خبر ’’میں نے اسلام قبول کرلیا ہے‘‘ میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔